امریکی سفارتکاروں نے شامی حکومت کے خاتمے کیلئے فوجی کارروائی کا مطالبہ کر دیا

 Bashar al-Assad

Bashar al-Assad

نیویارک (جیوڈیسک) بیسیوں امریکی سفارت کاروں نے ایک داخلی میمو پر دستخط کیے ہیں جس میں شام سے متعلق حکومتی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے اس بات کا مطالبہ کیا ہے کہ شام میں صدر بشارالاسد کے خلاف ٹارگٹڈ فوجی حملے کیے جائیں۔

اس مراسلے پر امریکی محکمہ خارجہ کے درمیانے درجے سے لے کر اعلیٰ درجے تک کے افسران نے دستخط کیے ہیں۔سفارتکاروں کا موقف ہے کہ موجودہ پالیسی شامی صدر کو طاقت میں رہنے کے لیے مدد فراہم کر رہی ہے اور یہ شامی اپوزیشن کے خلاف ہے۔

اس قسم کی اختلافی دستاویز کا محکمہ خارجہ کو بھجوایا جانا غیر معمولی تو نہیں تاہم اتنی بڑی تعداد میں وائٹ ہاؤس کے موقف کے خلاف سفارتکاروں کی جانب سے آواز اٹھانا غیر معمولی ضرور ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اس میمو کے موصول ہونے کی تو تصدیق کی ہے۔