دو امریکی تیراکوں کو برازیل چھوڑنے سے روک دیا گیا

American Swimmers

American Swimmers

برازیل (جیوڈیسک) بدھ کو برازیل کی ایک عدالت کے جج نے لوکٹی اور فیجن کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کر دی۔ جج نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ انہوں نے رواں ہفتے اپنے لٹنے کے واقعہ سے متعلق متضاد بیانات دیئے تھے۔

امریکہ کی تیراکی کی ٹیم کے دو ارکان گنر بنٹز اور جیک کانگر کو بدھ کو اس وقت ریو ڈی جنیرو کے ائیرپورٹ پر روکنے کے بعد اُس وقت کچھ دیر کے لیے تحویل میں لے لیا گیا تھا جب وہ وطن واپس جانے کے لیے جہاز پر سوار ہونے والے تھے۔

امریکہ کی اولمپک کمیٹی کے ترجمان پیٹرک سینڈسکی نے کہا کہ “ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ جیک کانگر اور گنر بنٹز کو برازیل کے حکام نے امریکہ جانے والی پرواز سے اتار لیا تھا۔” “ہم مزید تفصیل معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں”۔

تاہم بعد ازاں ان دو تیراکوں کو پولیس نے اس شرط پر رہا کر دیا تھا کہ وہ ان کے ساتھ جمعرات کو پیش آنے والے واقعہ سے متعلق تحقیقات میں تعاون کریں گے اور مزید معلومات فراہم کریں گے۔ انھیں اس وقت تک برازیل چھوڑنے کی اجازت نہیں ہو گی جب تک وہ پولیس سے مزید بات نہیں کر لیتے ہیں۔

پولیس کی طرف سے یہ پیش رفت ایک ایسے وقت ہوئی جب وہ ان کے ایک ساتھی تیراک رائن لوکٹی کے دعوؤں کی چھان بین کر رہی ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ان تینوں کو ان کے ساتھی جیمی فیجن کے ہمراہ رواں ہفتے ان افراد نے لوٹ لیا جنہوں نے اپنی شناخت پولیس افسروں کے طور پر کروائی تھی۔

فیجن ابھی برازیل ہی میں موجود ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ وہ جمعرات کو بنٹز اور کانگر کے ہمراہ جا کر پولیس کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے۔

بدھ کو برازیل کی ایک عدالت کے جج نے لوکٹی اور فیجن کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کر دی۔ جج نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ انہوں نے رواں ہفتے اپنے لٹنے کے واقعہ سے متعلق متضاد بیانات دیئے تھے۔ لوکٹی اور تین دیگر امریکی تیراکوں نے کہا تھا کہ انہیں اتوار کو اسلحہ کی نوک پر ان چوروں نے لوٹ لیا جنہوں نے اپنے آپ کو پولیس کے افسروں کے طور پر پیش کیا۔

ان کے ساتھ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ فرانسیسی ٹیم کے طرف سے دی گئی ایک ضیافت میں شرکت کے بعد کھلاڑیوں کے لیے قائم کیمپ میں واپس آ رہے تھے۔ برازیل کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امریکی تیراکوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کو پوری سچائی کے ساتھ بیان نہیں کیا ہے اس لیے انہیں اس واقعہ کی مزید تفصیل بتانی ہوں گی۔

عدالت کے جج کیلا بلینک نے یہ بھی کہا ہے کہ جب تک حکام اس واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں اس دوران ان تیراکوں کے پاسپورٹ ضبط کر لیے جائیں۔ پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جب اہلکار اولمپک کھلاڑیوں کے ویلج میں ان کے بیانات لینے گئے تو ” ایتھلیٹ وہاں موجود نہیں تھے”۔

تاہم پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب وہاں گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق لوکٹی امریکہ واپس پہنچ گئے ہیں جبکہ فیجن نے ٹیکساس کے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ وہ ( فیجن) ابھی تک برازیل ہی میں موجود ہے۔