عامر خان ٹورنامنٹ، آرمی اور نیوی کے باکسرز میں برتری کی جنگ

Boxing Gloves

Boxing Gloves

کراچی (جیوڈیسک) آل پاکستان عامر خان باکسنگ ٹورنامنٹ کے فائنلز پیر کو کھیلے جائیں گے، قومی چیمپئن پاکستان آرمی اور نیوی ٹائٹل کے لیے برسرپیکار ہوں گے، اختتامی تقریب میں کور کمانڈر کراچی مہمان خصوصی ہوں گے، پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان خصوصی شرکت کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کے زیر اہتمام سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے تعاون اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی نگرانی میں جاری 8روزہ آل پاکستان عامر خان باکسنگ ٹورنامنٹ پیر کو اختتام پزیر ہوجائے گا، پیپلز اسپورٹس کمپلیکس کے استاد عبداللہ بلوچ باکسنگ اسٹیڈیم پرآخری روز ٹورنامنٹ کے تما م10 ایونٹس کے فائنل مقابلے ہونگے۔

ٹرافی کے حصول کیلیے پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کے باکسرز تگ ودو کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ گولڈ میڈلز حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، پاکستان آرمی کے 5 باکسرز نے فائنل میں جگہ بنائی ہے، پاکستان نیوی کے 4 فائنل میں پہنچے، بلوچستان کے 3 باکسرز نے بھی گولڈمیڈلز پر نظریں جما رکھی ہیں، پی اے ایف اور گلگت و بلتستان کے2،2 باکسرز حتمی مرحلہ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

جبکہ سندھ وائٹس، سندھ گرین، پاکستان رینجرز سندھ اور واپڈا کا 1،1 باکسر گولڈ میڈل جیتنے کی آرزو لیے رنگ میں اترے گا۔ شیڈول کے مطابق 49کلوگرام میں جہاں زیب (سندھ گرین) کا مقابلہ داؤد خان(نیوی) سے ہوگا۔