امجد اللہ کو تحریک انصاف کا امیدوار بنانے پر معافی مانگتا ہوں، عمران اسماعیل

Imran Ismael

Imran Ismael

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے این اے 245 سے امجد اللہ کو اپنی جماعت کا امیدوار بنانے پر معافی مانگ لی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران عمران اسماعیل نے کہا کہ وہ یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ پوری انتخابی مہم کے دوران ایم کیو ایم تحریک انصاف کے مقابلے میں بہت آگے تھی۔ این اے 245 سے پارٹی کے امیدوار امجد اللہ گزشتہ رات سے غائب تھے ، ابھی ہم ان کی گمشدگی کے بارے میں رپورٹ درج کرانے کا سوچ ہی رہے تھے کہ ایم کیو ایم کے ایک کارکن کی جانب سے انہیں بذریعہ ایس ایم ایس یہ بات پتہ چلی۔ ان کی امجد اللہ کے والد سے ملاقات ہوئی وہ بھی بہت پریشان تھے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ اگر انہیں امجد اللہ کی حقیقت کا پتا ہوتا تو وہ انہیں کبھی پارٹی ٹکٹ دینے کی سفارش نہ کرتے لیکن غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے اور وہ اس غلطی پر معافی مانگتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم نے بھی یہ بات کی ہے کہ امجد اللہ نے ان سے مالی فوائد کے حصول کے لیے رابطہ کیا لیکن فاروق ستار کو پتا ہے کہ ان کے ساتھ بیٹھے افراد کا ضمیر کب جاگتا ہے، تحریک انصاف الیکشن کمیشن سے موجودہ صورتحال میں این اے 245 کے ضمنی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کرتی ہے۔