ترسیلات زر 16 ارب 63 کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

Dollar

Dollar

کراچی (جیوڈیسک) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران ریکارڈ 16ارب 63کروڑ 27 لاکھ60 ہزار ڈالر وطن بھجوائے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بھجوائی گئی 14ارب 33کروڑ 83لاکھ 80 ہزار ڈالر کی رقم سے 2ارب29 کروڑ 43لاکھ80 ہزار ڈالر یا 16 فیصد زیادہ ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعدادوشمار کے مطابق مئی 2015 کے دوران کارکنوں کی ترسیلات1ارب 66کروڑ 31 لاکھ ڈالر رہیں جو اپریل 2015 کے مقابلے میں 1.37فیصد اورمئی 2014ء کے مقابلے میں 15.46 فیصد زائد ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ سعودی عرب سے 52کروڑ 83 لاکھ 40 ہزار ڈالر،، متحدہ عرب امارات 39کروڑ 93 لاکھ 50 ہزار ڈالر،امریکا 22کروڑ 11 لاکھ ڈالر، برطانیہ 19کروڑ 41لاکھ 50 ہزار ڈالر، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں (بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) سے 19 کروڑ 6 لاکھ 60 ہزار ڈالر، یورپی یونین کے ملکوں سے 2 کروڑ 85 لاکھ ڈالر اور ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے 10کروڑ 10 لاکھ ڈالر موصول ہوئے تھے۔