سالانہ عرس سید پیر وارث شاہ ان کے دربار قصبہ جنڈیالہ شیر خان میں عقیدت اور احترام سے منعقد

Urs Syed Waris Shah

Urs Syed Waris Shah

شیخوپورہ (ڈاکٹر ایم ایچ بابر سے) سالانہ عرس سید پیر وارث شاہ ان کے دربار قصبہ جنڈیالہ شیر خان میں عقیدت اور احترام سے منعقد کیا جارہا ہے عرس کی تقریبات کا آغاز ڈی سی او ارقم طارق نے مزار پر غسل دے کر شروع کیا۔

اس موقع پرایم این اے سردار عرفان ڈوگر،ایم پی اے فیضان خالد ورک، ایگزیکٹو پنجاب آرٹس کونسل آصف پرویز،ڈی او محبوب عالم، ڈی او لیبر چوہدری محمد نعیم،ڈی او سوشل ویلفئیرمحمد حنیف،صدر پریس کلب شہباز خاں، مینجر کمپلیکس وارث شاہ احسان المالک ،ٹی او آر طاہر گجر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ڈی سی او ارقم طارق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عرس کے موقع پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔پنجابی زبان کے عظیم صوفی شاعر کا عرس تاریخی اہمیت کا حامل ہے عرس کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر نہ صرف ملک بھر سے بلکہ بیرون ملک سے بھی زائرین یہاں تشریف لاتے ہیں۔سید وارث شاہ نے اپنے کلام کے ذریعے لوگوں کو مساوات،امن،اخوت،ایثاراور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام عرس کی تین روزہ تقریبات کے دوران پہلے روز 4بجے گھوڑا ناچ رات 9بجے پنجابی مشاعرہ ہو گاجبکہ 24ستمبر شام 4بجے ڈی سی او اور ڈی پی اوشیخوپورہ کی ٹیموں کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ ہو گا اور رات 9بجے ہیر گوئی کا مقابلہ ہو گا جس میں ملک بھر سے نامور گائیک حضرات شرکت کریں۔

25ستمبر شام 4بجے صفدرآباد اورشیخوپورہ کی ٹیموں کے درمیان کبڈی میچ ہو گارات 9بجے صوفی نائیٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ دربار پر حاضری دینے والے زائر ین کی تفریح کے لئے احاطہ میں مختلف سٹالز اور ٹھیلوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جن پر ثقافتی ورثہ کے مختلف رنگوں میں رنگی ہوئی اشیاء دستیاب ہوں گی۔

کھانے پینے کی صاف ستھری اورحِفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیا ء کی فراہمی پر ضلعی انتطامیہ کی ٹیمیں کڑی نگرانی کریں گی اس موقع پرسیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ڈی سی او ارقم طارق کی ہدایت پر ڈی او سی محبوب عالم عرس کے حوالے سے تمام انتظامی امور میں انتظامیہ کی سربراہی کریں گے جبکہ وہ خود بھی اس دوران حاضرین کے درمیان موجود رہیں گے۔

علاوہ ازیں محکمہ بہبودآبادی کے زیر اہتمام عرس وارث شاہ کے موقع پر تین روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح عاصم نواز چیمہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر شیخوپورہ نے کیا اس کیمپ میں آنے والے زائرین کے لئے تمام طبی سہولیات اور ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔