مسلح افواج ملک کی سالمیت اور یکجہتی کے تحفظ کیلئے تیار ہیں: وزیر دفاع خواجہ آصف

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی سا لمیت اور یکجہتی کے تحفظ کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گرانقدر قربانیاں دی ہیں اور بھارت کی طرف سے کسی بھی خطرے کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ مسلح افواج نے حال ہی میں جنگی مشقیں کی ہیں جس کا مقصد خودکوکسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رکھنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگربھارت نے کسی قسم کی مہم جوئی کرنے کی کوشش کی تو اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی سے گلگت تک پوری قوم کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے متحد ہے۔

ایک سوال پر وزیر دفاع نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانے کے لئے اڑی حملے کا ڈرامہ بھارت نے خود کیا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کا رائے ونڈ مارچ قومی مفاد میں نہیں ہے کیونکہ ملک کو بھارت سے خطرات کا سامنا ہے۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کے بھارت کے ساتھ روابط ہیں کیونکہ مشرف دور میں بھارت کے دورے کے دوران انہوں نے بھارت سے وفاداری ظاہر کی تھی۔