مسلح افواج آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی، صدر ممنون حسین

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔

اسلام آباد میں پاک فوج کے بیچلر آف ملٹری آرٹ اینڈ سائنس اور نسٹ انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ کنفلکٹ اسٹڈیز کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ دور میں دفاعی سائنس پیچیدہ شکل اختیار کر چکی ہے اب سیاسی، سفارتی، اقتصادی حتی کہ مواصلات جیسے امور بھی دفاعی امور سے منسلک ہو گئے ہیں۔

گزشتہ چند دہائیوں کے دوران جنم لینے والی انتہا پسندی اور دہشت گردی نے مسائل میں اضافہ کیا ہے۔ اس پس منظر میں یہ ناگزیر ہوگیا ہے کہ مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کی تربیت جدید تقاضوں کے مطابق کی جائے تاکہ وہ مسلسل بدلتے ہوئے حالات کے تقاضوں پر پورا اتر سکیں۔

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستانی قوم نے اپنے عزم سے دنیا پر واضح کیا ہے کہ وہ اور مسلح افواج اندرونی اور بیرونی ہر طرح کے حالات میں مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ دہشت گرد اور ان کے سرپرست کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، قوم اور مسلح افواج آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ ماضی میں ملک کے وسائل کو ضائع کیا گیا جس سے پاکستان اقتصادی مسائل سے دوچار ہوگیا، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے بروقت منصوبے شروع نہیں کئے گئے، کرپشن اور بدعنوانی سے پاکستان کو شدید نقصان پہنچا۔ اس صورت حال سے نکلنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا مکمل طور پر خاتمہ کردیا جائے۔