آرمی چیف کی کور کمانڈرز کو سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کی ہدایت

Raheel Sharif

Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور کمانڈرز کو سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے اور چترال سمیت ملک کے دوسرے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امداد مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور کمانڈرز کو سیلاب کی صورتحال پر نظر رکھنے،اس سے نمٹنے کی تیاری اور چترال سمیت ملک کے دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں بھی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو ممکنہ سیلاب کے علاقوں کے معائنے کی بھی ہدایت کی ہے جب کہ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سیلاب کے پیش نظرکسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور تمام کور کمانڈرز اپنے علاقوں میں سیلابی صورتحال پرنظررکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان پاک فوج کے مطابق چترال کے سیلاب زدہ علاقوں میں فوج کا ریسکیو آپریشن چھٹے روز بھی جاری ہے جس کے لیے 2 ہیلی کاپٹر ریلیف اور ریسکیو آپریشن پر مامور ہیں جب کہ فوج اور فرنٹیئر کورنے چترال میں 16 ٹن راشن تقسیم کیا۔

اس کے علاوہ گرم چشمہ ، کوراخ اور بمبوریت میں 73 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق کور کمانڈر لیفیٹننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے چترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جب کہ علاقے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی روانہ کردیا گیا ہے۔