آرمی چیف کی کراچی کے شہریوں کی ہر ممکن مدد کی ہدایت

General Qamar Javaid Bajwa

General Qamar Javaid Bajwa

اسلام آباد (جیوڈیسک) سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں بارش سے متاثرہ شہریوں کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی انتظامیہ نے بارش سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کی معاونت کی درخواست کی جس کے بعد آرمی چیف نے شہریوں کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کراچی میں مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے اور فوری طور پر پانی نکالنے والے پمپس مہیا کردیے گئے ہیں۔

ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے پاک فوج کی انجینئرنگ کور سے بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے مدد کی درخواست کی تھی۔

ارشد وہرہ کے مطابق پی ڈی ایم اے نے ابھی تک کوئی مشینری نہیں بھیجی جس کے بعد فوج کے میکینائز انجینئرنگ کور نے مدد کرنے کی درخواست قبول کرلی۔

ارشد وہرہ نے کہا کہ کراچی میں پانی کی نکاسی کے لئے مشینری آٹے میں نمک کے برابر ہے جب کہ پی ڈی ایم اے سے ایک بھی مشینری نہیں ملی، چھوٹے پمپ بھی کرائے پر لیے گئے ہیں۔