آرمی چیف کی شاہ سلمان سے ملاقات، سعودی عرب کی سالمیت کے عزم کا اعادہ

Army Chief and King Salman Meeting

Army Chief and King Salman Meeting

ریاض (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سمیت اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کی سالمیت سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس موقع پر سعودی قیادت نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف اور وزیر دفاع سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور دفاعی شعبے میں تعاون کے امور پر بات چیت کی گئی جب کہ اس دوران خطے میں امن وامان اور سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کے لیے سعودی عرب کے تعاون کو سراہا جب کہ سعودی قیادت نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات میں سعودی قیادت نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب علاقائی سلامتی میں اہم کردار رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط شراکت داری میں بدل رے ہیں جب کہ دونوں ملکوں کی اُمہ سے متعلق بہت زیادہ ذمہ داریاں ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سعودی قیادت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان اور پاک فوج کو بہت اہمیت دیتا ہے، ہماری نظروں میں پاک فوج کا مقام بہت بلند ہے، سعودی عرب امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستان کی سالمیت کو کسی بھی قسم کا خطرہ ناقابل قبول ہوگا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سعودی عرب کی سالمیت اور حرمین شریفین کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔

واضح رہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف گزشتہ روز 2 روزہ سرکاری دورہ پر سعودی عرب پہنچے تھے جہاں سعودی حکام کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔