پاک فوج عید مبارک

تحریر: شاہ بانو میر

Pak Army Eid Celebration

Pak Army Eid Celebration

طلوعِ آفتاب سے غروبِ آفتاب تک شمار نہ کی جانے والی سانسیں انگنت دنیا کے مناظر نہ گنی جانے والی نعمتوں کی لذت اپنے فائدے کیلیۓ جال بننے والا ذہن اور اپنی ذات کی کامیابی کیلیۓ کوششیں ـ دنیا بھر کی دولت دے کر بھی نہ ملنے والی نعمت اولاد اور دولت دنیاـ یہ سب پا کر بھی ہم دن رات اس خالق کی عطا کا شکر ادا نہیں کرتے جیسے یہ ہمارا پیدائشی حق تھا کوئی احسان نہیںـ کبھی آنکھیں کھول کر بستر سے صحیح و سالم دوبارہ اٹھ جانے یا زندہ ہو جانے پر ہر صبح اللہ کے مشکور نہیں ہوتےـ جو انسان ربّ کا مشکور نہیں وہ بندوں کا شکر کیسے ادا کرے گاـ وہ جاہل تو ہر کامیابی کو ذاتی محنت سمجھ کر قارون کی طرح تفاخر سے اکڑ کر چلے گاـ گویا آج روپیہ پیسہ اولاد اسکی ذاتی کاوش ہےـ اور پھر یہی حضرتِ انسان دھڑام سے زمین میں دھنس کر ہمیشہ ہمیشہ کیلیۓ داستانِ عبرت بن جاتا ہےـ

کچھ ایسا ہی ناشکرا پن ہمارے اندر بھی موجزن ہے ـ ہم نے بھی شکر نہ کرنے کا جیسے عہد کر رکھا ہے ـ نرم گرم گدیلوں پے سوتے ہوئے پرسکون ٹھنڈے آرامدہ کمروں میں بیٹھ کر رمضان سے لے کر عید تک کے لوازمات سے لذّتِ دہن پہنچاتے ہوئے ہمہ وقت گلے شکوے ہمارا وطیرہ بن گیا ـ جو ہے اس پر کبھی شکر نہیں جو نہیں اس پر واویلاـ اسی لئے تو قرآن پاک میں اللہ پاک نے فرمایا کہ انسان بہت تھڑ دِلا واقع ہوا ہےـ ذرا سوچئیے 40 50 ڈگری پے فولادی خود ہیلمٹ کی صورت پہنے ہوئے بُلٹ پروف جیکٹ پہنے بھاری بھرکم موٹے سول کے جوتے اور وزنی ہتھیار اٹھائے ہمارے سکون کیلیۓ ہزاروں ماؤں کے لعل اس خوبصورت تہوار جسے عید کہتے ہیں اور جو ہر دور درواز رہنے والا اپنے پیاروں کے ہمراہ گزارنا چاہتا ہے ـ ہزاروں پاک فوج کے سپاہی جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان میں اپنے پیاروں سے دور معصوم بچوں سے الگ تپتی تیز جھلساتی دھوپ میں بھوک پیاس کی پرواہ کئے بغیر دن رات خوفناک دشمنوں کے حصار کو توڑنے کیلیۓ ہمارے لئے سر بکف کھڑے ہیںـ

مگر کیا عید کی رنگا رنگ مصروفیت میں ہم میں سے کوئی ہے جس نے اللہ پاک سے ان بہادر جانبازوں کی درازی عمر اور کامیابی کیلیۓ بطورِ خاص دعا کی ہو ـ جنہوں نے اپنے بچوں کو ان کے بارے میں بتایا ہو احساس دلایا ہو کہ اس ملک کو دوبارہ کیسے قربانیوں سے سینچ کر ان کے مستقبل کو محفوظ کیا جا رہا ہے؟ تا کہ شعور جگایا جا سکے اور یہ لوگ ہماری طرح اس آزاد ملک کی آزادی کو اُُس ناقدری سے نہ گنوائیں جیسے ہم نے گنوایا ـ 141 وہ معصوم شہید جو کبھی بھلائے نہیں جا سکتے ـ جو اس ملک کی تاریخ میں ان بہادروں کے ساتھ بیان کئے جائیں گے جن کی مائیں آج بھی 16 دسمبر کی طرح کہیں دھاڑیں مار مار کر اپنے لختِ جگر کو پُکار رہی ہیں تو کہیں بِلک بِلک کر رو رو کر اہل وطن سے پوچھ رہی ہیں کہ آخر ہمارے ساتھ ہی ایسا کیوں؟ـ

PAk Army

PAk Army

ہم نے اپنے بچوں کو اپنے آپ کو عزیز رشتے داروں کو کیا ایک بار بھی کہا کہ اس سال عید کی گہما گہمی میں ذرا سنجیدہ اثر رکھیں تاکہ دکھے ہوئے دل ذرا ڈھارس میں آئیں ؟ ہماری بہادر فوج کے ایک افسر سے جب سوال کیا گیا کہ گزشتہ 6 ماہ سے آپ اس جگہ پر زندگی اور موت کے درمیان دشمنوں کو نرغے میں لینے کیلیۓ سر بستہ ہیں تو کیا جزبہ ہے؟ جواب میں وہ فولادی دکھائی دینے والا انسان نمدیدہ ہو گیا اور آنسوؤں میں بھیگی آواز میں بولا ہمارے بچے جن کی حفاظت کیلئے ہم ان دہشتگردوں کا صفایا کر کے دم لیں گےـ ان کو تو نہیں بچا سکے لیکن آئیندہ یہ کبھی جرآت نہ کر سکیں اس کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے ـ اس کے بعد شدتِ جذبات سے گلو گیر آواز نے مزید کہنے نہیں دیاـ یہ احساس یہ شدت کیا ہم میں ہے؟ـ

اس کی غمزدہ آواز میں کرب تھا اپنوں سے دور عید منانے کا بچوں کی قلقاریوں سے دور وہ سنسان ویران وادیوں میں بھاری ہتھیاروں سے لیس ہماری حفاظت کیلیۓ جان کی بازی لگائے کھڑے ہیں جاگ رہے ہیں ـ اندر کہیں دل کا نرم گوشہ اس خوبصورت موقعے پر اپنوں کیلیۓ ترس رہا ہوگا ـ لیکن فرض کی بجا آوری مقدم ہےـ ایسے میں ہمارا کیا فرض ہے؟ کیا سیاسی رہنماؤں کی طرح زبانی کلامی دعوےٰ اور عملی طور پے اسکی نفی؟ نہیں ہمیں اپنے عمل سے انداز سے ان کو بتانا ہے کہ گو ہم آپ جیسے بہادر اور تربیت یافتہ تو نہیں کہ آپکا ساتھ دے سکیں لیکن آپ کی عظمت آپ کی قربانیاں ہمیں ہر لمحہ یاد ہیں ـ آپ کی عزت آپ کا وقار آپ کا احترام آپ کے ساتھیوں کی قربانیاں ہم سب کو زندگی بھر نہیں بھول سکتیں ـ ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں ـ آپ ہمارااعتماد ہیں اورفخر بھیـ

بہادر بیٹوں کو ان کی بہادر ماؤں کو اور ان کے اہل ِ خانہ کو پاکستان کی عوام کی جانب سے عید مُبارک اور فتوحات کیلیۓ خراجِ تحسینـ انشاءاللہ اس بار حق و باطل کا معرکہ خواہ اندورونِ ملک سیاسی گندی مچھلیوں کی موت ہو یا بڑے بڑے نامور ناموں کی ملی بھگت اب اس عوام کی بھوکا رکھنے والوں کو مِٹا کر ہی دم لیں گے اور لوٹنے والوں کو مارنے والوں کو ان کے ہمدردوں کو پابندِ سلاسل کر کے ہی سانس لیں گےـ اندرونِ ملک رینجرز اور سرحدوں پر پاک افواج کے غیور سپاہی اور ان کا تاریخی سپہ سالار جو پاکستانیوں کی مدتوں سے کی ہوئی دعاؤں کا اثر ہےـ انشاء اللہ پوری فوج ہر اس نام کے خلاف بیان کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر پاک فوج کا دفاع کرے گی جو جو ان کے خلاف معیوب زبان اور سازشی انداز اختیار کرے گاـ انشاءاللہ یہی ہے پاک فوج کی جناب سے لہو رنگ قربانیوں سے سجا نیا پاکستان پاک فوج عید مبارکـ

Shah Bano Mir

Shah Bano Mir

تحریر: شاہ بانو میر