آرمی چیف کی جرمن وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

Army chief

Army chief

راولپنڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جرمن وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی تعلقات اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جرمن وزیر خارجہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ جرمن وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہیں اور جرمنی پاکستان کو مشکلات کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے برلن میں معروف پالیسی ساز ادارے کے مباحثے میں بھی شرکت کی۔

آرمی چیف نے شرکاء کو خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان آپریشن ضرب عضب کو کامیابی سے مکمل کر رہا ہے، فاٹا کا علاقہ سرحدوں تک کلیئر کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے رابطوں، نيٹ ورکس، سہولت کاروں اور ہمدردوں کو کيفر کردار تک پہنچايا گيا۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ انسداد دہشتگردی سے آگے کے مراحل طے کرنے کے لئے عالمی برداری کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کسی بھی قوم سے زيادہ قربانياں دی ہیں۔