گرفتار علماء مشائخ کو رہا کر کے دانش مندی کا مظاہرہ کیا گیا۔ پیر افضل قادری

Arrest

Arrest

گجرات، لاہور : گرفتار علماء ومشائخ کو رہا کرکے دانش مندی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ یہ بات ممتاز دینی رہنما حضرت پیر محمد افضل قادری امیر عالمی تنظیم اہلسنت، ڈاکٹر اشرف آصف جلالی سربراہ ادارہ صراط مستقیم، صاحبزادہ حامد رضا سابق وزیر مذہبی امور آزاد کشمیر اور دیگر قائدین اہلسنت نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ نظام مصطفیۖ کا نفاذ اور ناموس رسالت کا تحفظ ہر صاحب ایمان کے جذبات ہیں۔ پنجاب بھر سے گرفتار ہزاروں علماء ومشائخ اور کارکنوں کی غیر مشروط رہائی اور دینی مراکز سے پولیس کا حصار ختم ہونے کے بعد وہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

جبکہ رات گئے شیخ الحدیث حافظ خادم حسین رضوی، میاں ولید احمد شرقپوری، پیر صدیق افضل قادری، سید مختار اشرف رضوی، پیر ضیاء الاسلام شاہ، علامہ ابو تراب بلوچ، ڈاکٹر نور محمد دانش، حاجی امانت علی چیئرمین قاسمیہ ٹرسٹ، عثمان عزیز وڑائچ، چوہدری شبیر حسین ساہی، مولانا اسلم جلالی، علامہ انصر، پیر نوید الحسن چشتی، مولانا اسجد، مولانا غلام عباس فیضی، قاری مجاہد ممتاز، ودیگر کو مختلف جیلوں سے رہا کردیا گیا۔

پنجاب کے جیلوں کے باہر رہا ہونے والے علماء ومشائخ اور کارکنوں کے زبردست استقبال کئے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ علماء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اسلام اور پاکستان کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ جبکہ دوسری طرف لبیک یارسول اللہ مارچ کے شرکاء نے دھرنا ختم کردیا ہے۔