فنکار کی بھوک اچھا کردار نبھانے پر ہی مٹتی ہے، حمائمہ ملک

Humaima Malik

Humaima Malik

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کی باصلاحیت اداکارہ وماڈل حمائمہ ملک نے ’’ارتھ ٹو‘‘ کواپنے مختصرکیرئیر کی بہترین فلم قراردیدیا ہے۔ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے حمائمہ کا کہنا تھا کہ فلمسٹارشان جیسے باصلاحیت فنکارکے ساتھ کام کرنا اعزاز سے کم نہیں۔ وہ ایک بہترین فنکار، تکنیک کار اوراپنے جونیئرز کی رہنمائی کرنے والے انسان ہیں۔ ’ ارتھ ٹو‘ کی شوٹنگ کے دوران بہت کچھ سیکھنے کو ملا اوراس فلم کی بدولت اپنی فنکارانہ صلاحیتوں میں مزید نکھاربھی محسوس کررہی ہوں۔

فلم کا اگلا اورآخری سپیل برطانیہ میں مکمل کیا جائے گا جس سے مجھے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں ہمیشہ ہی یہ سوچتی تھی کہ اپنے کیرئیرمیں زیادہ سے زیادہ ایسا کام کیاجائے جس پرپوری قوم کو فخر ہو۔ کیونکہ میں یہ بات بخوبی جانتی ہوں کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ ان لوگوں پرفخرکیا ہے جنہوں نے اپنے بے مثال کارناموں سے سبزحلالی پرچم کوملک اوربیرون ممالک میں بلند کیا ہے۔ اس حوالے سے ہم بہت خوش نصیب ہیں کہ ہمارے فنکاروں، کھلاڑیوں اورتعلیم سمیت دیگرشعبوں سے وابستہ افراد نے دنیا بھر میں نمایاں کارکردگی دکھاکرپاکستان کا نام روشن کیا۔

فنون لطیفہ کے شعبوں میں ویسے تومیوزک کا شعبہ ایسا ہے کہ پاکستانی گائیک اورسازندے پوری دنیا میں جانے جاتے ہیں اوران کے پرستاروں کی بڑی تعداد ہرجگہ موجود ہے لیکن اب اداکاری کے شعبے میں بھی پاکستانی فنکاروں کے پرستاروں کی تعداد میں حیرت انگیزاضافہ ہونے لگا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں حمائمہ ملک نے بتایا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مختصر عرصہ میں پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشترممالک سے ایوارڈز اوراعزازات حاصل کرلیے ہیں۔ جہاں تک بات ’ارتھ ٹو ‘ کی ہے تویہ میرے لیے ایک بہترین اورکیرئیر کے چند یادگار پراجیکٹس میں سے ایک ہوگا۔ میں بالی ووڈ میں پہلے ہی کام کرچکی ہوں اورایسا بالکل نہیں ہے کہ اس فلم کی ریلیز کے بعد مجھے بالی وڈ سے آفرز ہونے لگیں گی۔ میرا ٹارگٹ توہمیشہ اچھا کام رہا ہے، پھروہ بالی وڈ ہو یا ہالی وڈ یا پھراپنا پیاراوطن پاکستان۔ میرے نزدیک ایک سچے اوراچھے فنکارکی بھوک اسی وقت مٹتی ہے جب اس کوکوئی اچھا کردارکرنے کا موقع ملا۔ ’ارتھ ٹو‘ میرے کیرئیر کی ایک ایسی ہی فلم ثابت ہوگی۔