ایشز سیریز: تیسرا ٹیسٹ میچ برطانیہ کے نام، آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست

Ashes Series

Ashes Series

برمنگھم (جیوڈیسک) برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں برطانیہ نے آسٹریلوی ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 265 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی اور برطانیہ کو جیت کیلئے 121 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا جسے اس نے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ برطانوی ٹیم کے بلے بازوں آئین بیل اور جے ای روٹ نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور ناٹ آئوٹ رہے۔

دونون بلے بازوں نے بالترتیب 65 اور 38 رنز بنائے۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر کھڑے رہنے میں ناکام رہا۔ وارنر نے 62 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایک موقع پر آسٹریلیا کی چھ وکٹیں صرف 111 رنز پر گر گئی تھیں لیکن ساتویں وکٹ کے لیے وکٹ کیپر پیٹر نیول اور مچل جانسن کی 42 رنز کی اہم شراکت نے آسٹریلیا کو اننگز کی شکست کے خطرے سے بچایا۔

اس سے قبل انگلش ٹیم گزشتہ روز دوسرے سیشن میں اپنی پہلی اننگز میں 281 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی۔ انگلینڈ کو اس سکور تک پہنچانے اور پہلی اننگز میں 145 رنز کی برتری دلوانے میں جو روٹ اور معین علی کی نصف سنچریوں نے اہم کردار ادا کیا۔ روٹ نے 63 اور معین نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

معین علی نے آٹھویں وکٹ کے لئے سٹوئرٹ براڈ کے ساتھ مل کر بھی 67 رنز کی شراکت قائم کی۔ واضح رہے کہ کارڈف میں کھیلے گئے ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 169 رنز سے شکست دے کر برتری حاصل کر لی تھی۔

اس کے بعد لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 405 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔ تاہم ایجبسٹن ٹیسٹ جیت کر برطانیہ نے سیریز دو، ایک سے برتری حاصل کر لی ہے۔