ایشیا کپ میں شکست : مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی ایک دوسرے پر الزام تراشی

PCB

PCB

لاہور (جیوڈیسک) ایک ہفتہ پہلے ایشیاء کپ میں عبرتناک شکست پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی، پہلے اجلاس میں یونس خان اور اب مصباح الحق بھی غیر حاضر ہو گئے۔ دونوں کھلاڑیوں کا نام چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے خاص طور پر شامل کیا تھا۔

قذافی اسٹیدیم لاہور میں کمیٹی کا دوسرا اجلاس سات گھنٹے تک جاری رہا، جس میں سلیکشن کمیٹی نے ٹیم انتظامیہ کے باہمی اختلافات اور کھلاڑیوں کی فٹنس پر انگلیاں اٹھائیں۔ اس سے پہلے کوچ وقار یونس نے اپنی رپورٹ میں ٹیم کے انتخاب پر نکتہ چینی کی، سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینیجمنٹ میں اختلاف متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف شکست پر بھی سامنے آیا تھا۔

معاملے پر پردہ ڈالنے کے لئے پی سی بی نے کمیٹی اراکین کو میڈیا سے بات چیت کرنے سے بھی روک دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار سلیکشن کمیٹی کو قربانی کا بکرا بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

جبکہ ٹیم کا اعلان چیئرمین پی سی بی کی منظوری کے بعد ہی کیا جاتا ہے۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ جو عوامل شکست کی وجہ بنے، ان کو سامنے ضرور لایا جائے گا جبکہ انکوائری کمیٹی کا اگلا اجلاس سوموار کو ہو گا۔