ایشین کبڈی گیمز میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو پچھاڑ دیا

Kabaddi

Kabaddi

لاہور (جیوڈیسک) ایشین گیمز کبڈی کے گروپ میچ میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو زیر کرلیا، والی بال اورٹیبل ٹینس مقابلوں میں بھی گرین شرٹس کامیاب رہے، باکسنگ اور ریسلنگ میں ناکامی کا سامنا رہا، سائیکلنگ میں محمد شکیل مقابلے میں شرکت نہ کرسکے۔

کوریا کے شہر انچیون سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کبڈی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گروپ میچ تھائی لینڈ کیخلاف تھا، جس میں قومی ٹیم نے حریف کو 30 کے مقابلے میں 51 پوائنٹس سے زیرکیا، پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ پیر کو بنگلہ دیش سے کھیلے گا، والی بال مقابلے میں گرین شرٹس ترکمانستان کیخلاف پورے مقابلے کے دوران چھائے رہے اور 3-0 سے فتح اپنے نام کرلی، ٹیبل ٹینس مقابلوں میں بھی پاکستانی کھلاڑی فاتح رہے۔
محمد عاصم قریشی، محمد رمیز اور سید سلیم عباس کاظمی پر مشتمل ٹیم نے مالدیپ کے کھلاڑیوں کو 3-0 سے زیر کیا۔

خواتین مقابلوں میں بھی پاکستانی عیشا اقبال انصاری، راحیلہ کاشف اور شبنم بلال نے مالدیپ کو ہی 3-0 سے زیرکیا، باکسنگ میں پاکستان کے باکسرز دونوں مقابلے ہار گئے، 46 سے 49 کلوگرام کیٹیگری میں قومی باکسر محب اللہ قازقستان کے برزہان سے 0-3 سے مات کھاگئے، 64 کلو گرام میں عامر خان کو جاپان کے کواچی سے یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے مات ہوئی۔

میگا ایونٹ میں پاکستانی ریسلرز نے عوامی توقعات کے برعکس مایوس کن کھیل پیش کیا اور دونوں یکطرفہ مقابلوں میں 0-4 سے مات کھا گئے، 97 کلو گرام کیٹیگری کے مینز فری اسٹائل میں پاکستان کے بلال حسین اعوان کرغزستان کے موسیف جبکہ 97 کلو گرام کے فری اسٹائل میں ہی بلال حسین اعوان بھارتی اسٹیورٹ سے شکست کھا گئے۔ سائیکلنگ کے 182 کلومیٹر کے مینز روڈ ریس میں محمد شکیل مقابلے سے پہلے ہی ہمت ہار گئے اور انھوں نے ایونٹ میں شرکت کرنا ہی مناسب نہ سمجھا۔