‏‎آصف زرداری کی وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات

Asif Zardari, Nawaz Sharif

Asif Zardari, Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) جمہوریت کو درپیش خطرات کیخلاف سیاسی قوتیں متحد ہونے لگیں، سابق صدر آصف علی زرداری نواز حکومت کیساتھ اظہار یکجہتی کے مظاہرے کیلئے آج وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کررہے ہیں۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بیان کے بعد حکومت اور فوج کے مابین بڑھتی ہوئی تلخی کی فضا میں تجزیہ کار سابق صدر آصف علی زرداری کی وزیر اعظم ہاؤس میں آمد کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے نزدیک ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات ایک اہم اشارہ ہے۔

ملاقات میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف پیپلز پارٹی کے رہنماء خورشید شاہ، رضا ربانی اور مراد علی شاہ بھی شامل ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں جمہوریت کو درپیش خطرات اور جمہوری اداروں کے تحفظ کے معاملے پر بات چیت کی جائے گی اور تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے حوالے سے اہم مشاورت کی جائے گی۔ اس اہم ملاقات میں تحفظ پاکستان بل اور اہم سیاسی امور پر بھی مشاورت ہو گی۔