اسمبلی میں خیرات کی سیٹوں پر نہیں جانا چاہتے ہمارے استعفے منظور کیے جائیں، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اسمبلی میں خیرات کی سیٹوں پر نہیں جانا چاہتے ہیں اس لیے ہمارے استعفے منظور کیے جائیں۔

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ سینئر قیادت کے اجلاس میں انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا فیصلہ ہوا ہے جب کہ پارٹی کا نیا آئین بن رہا ہے اور پہلے مرحلے میں رکنیت سازی مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے بعد فوری پارٹی انتخابات ہوں گے جب کہ تسنیم نورانی پارٹی الیکشن کمیشن کے سربراہ ہوں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ دوغلی پالیسی اختیار کررہی ہے ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ فضل الرحمان نہیں مان رہے ان کو منانا تو ایک وزارت کی مار ہے اور ایم کیو ایم پر ’’را‘‘ کے الزامات لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین کو اسمبلی میں جانے کی ضرورت نہیں، ہم کسی کی خیرات پر اسمبلی میں نہیں جانا چاہتے جب کہ میں حکومت کو چینلج کرتا ہوں کہ ہمیں ڈی سیٹ کرکے الیکشن کروائیں جائیں ہم پہلے سے زیادہ مضبوط بن کر ابھریں گے اور انتخابات میں الیکشن مہم خود چلاؤں گا۔

تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ پارٹی میں ہر کوئی عہدہ چاہتا ہے جب ہی قبضہ گروپ کا شور مچایا جاتا ہے جب کہ پارٹی میں کوئی قبضہ گروپ نہیں اور پارٹی کا آئین مجھے اپنی ٹیم چننے کا حق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں پارٹی پالیسی پر تنقید کرنے والے رکن کی بنیادی رکنیت فوری معطل کردی جائے گی جب کہ پی ٹی آئی جمہوری پارٹی ہے اور ارکان کو پارٹی پلیٹ فارم پر رائے دینے کی آزادی ہے۔