بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام ایشوز پر بات ہو گی: مشیر خارجہ

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کامیاب رہی۔ کانفرنس میں پاک بھارت جامع مذاکرات شروع ہونے پر اتفاق ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد بھی مذاکراتی عمل کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام ایشوز پر بات ہو گی تاہم نہیں کہا جا سکتا کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازعات فوری طور پر حل ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جامع مذاکرات سے کشیدگی ضرور کم ہو گی۔ مشیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ سمیت دیگر معاملات پر بھی ماحول سازگار ہو گا۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغانستان کی طرف سے مذاکرات کا کلیئر سگنل مل چکا ہے۔ افغان صدر کا پاکستان دورہ اور بھارت کے ساتھ مذاکرات شروع ہونا بڑے بریک تھرو ہیں۔