آسٹریلیا نے دوسرے ٹی 20میں جنوبی افریقہ کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

Australia Won

Australia Won

جوہانسبرگ (جیوڈیسک) آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسویل کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

مہمان ٹیم آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کی طرف سے دیا گیا 205 رنز کا ہدف اعصاب شکن مقابلے کے بعد آخری گیند پر حاصل کیا۔ تین وکٹیں جلد گر جانے کے بعد ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسویل نے انتہائی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 161 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلا دی۔ دونوں نے بالترتیب 77 اور 75 رنز بنائے۔

گزشتہ روز جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پروٹیز نے کپتان فاف ڈوپلیسی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔ ڈوپلیسی نے 41 گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی اننگز کھیلی، دیگر بلے بازوں میں کوئنٹن ڈی کاک 44 اور ڈیوڈ ملر 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جیمز فاکنر نے تین اور جان ہیسٹنگز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں آسٹریلیا نے ہدف انتہائی دلچسپ اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد آخری گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ 32 پر تین وکٹیں گر جانے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ جنوبی افریقہ یہ میچ بآسانی جیت جائے گا مگر ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسویل نے حریف ٹیم کے باؤلرز کی خوب پٹائی کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور چوتھی وکٹ میں 161 رنز کی تاریخ ساز شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔

ڈیوڈ وارنر نے 40 گیندوں پر 77 رنز بنائے جس میں 5 چھکے اور 6چوکے شامل تھے ،جبکہ میسکویل نے 3چھکوں اور7 چوکوں کی مدد سے 43 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔ کگیسو ربادا اور ڈیل سٹین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔