آسٹریلیا نے عراق کے بعد شام میں بھی داعش کے خلاف فضائی حملے شروع کر دیئے

Jet Plane

Jet Plane

کینبرا (جیوڈیسک) آسٹریلیا نے شام میں داعش کے خلاف فضائی حملے شروع کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

آسٹریلیا کے وزیردفاع کیون اینڈریوز نے کہا ہے کہ آسٹریلوی فضائیہ کے دو ہارنٹ طیاروں نے شام میں داعش کے جنگجوؤں کی نقل و حرکت کی نشاندہی کی۔ جس کے بعد ایک ہارنٹ طیارے نے ہدف کو تباہ کرنے کے لیے مخصوص ہتھیار کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف یہ حملہ اتنے فاصلے سے کیا گیا کہ آسٹریلوی طیارے کو تحفظ فراہم رہے کیونکہ ہم جنگ کے انتہائی سخت نظم و ضبط کے تحت کام کرتے ہیں اور ان میں یہ قاعدہ بھی شامل ہے کہ جہاں تک ممکن ہو عام شہری ہلاک نہ ہوں۔

امریکا کی سینٹرل کمان کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق آسٹریلیا نے شام میں 3 فضائی حملے کیے اور ان حملوں میں داعش کے جنگجوؤں کی نقل و حرکت کے لئے استعمال ہونے والی بکتر بند گاڑی کو نشانہ بنایا۔