ایان علی رہائی کے بعد کراچی چلی گئیں، رہائشگاہ پر سخت سکیورٹی

Ayyan Ali

Ayyan Ali

راولپنڈی (جیوڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ماڈل گرل ایان علی کو راولپنڈی اڈیالہ جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ عدالت میں پیشیاں شاہانہ تھیں تو رہائی بھی لاجواب، رہائی کے بعد ماڈل گرل میڈیا کے لیے بھی چھلاوا بن گئیں، شاہانہ قید، شاہانہ پیشیاں اور اب شاہانہ رہائی۔

رہائی کا پروانہ جیل پہنچنے سے پہلے ہی اڈیالہ جیل کے پانچوں دروازوں پر چمچماتی گاڑیاں پہنچ گئیں۔ رہائی کے بعد ایان علی گاڑیوں کے قافلے میں یہ جا وہ جا۔ اس سے پہلے ایان علی کی لیگل ٹیم بینکنگ کورٹ راولپنڈی میں پیش ہوئی اور عدالتی حکم پر پانچ پانچ لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرائے۔

بینکنگ کورٹ کے جج صابر سلطان نے ضمانتی مچلکوں کا جائزہ لیا۔ حکم پر ایان علی کے ضمانتی محمد نواز اور شوکت عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔

جج نے روبکار پر دستخط کیے، عدالتی عملہ اور ایان علی کی لیگل ٹیم رہائی کی روبکار لیے۔ سیدھے اڈیالہ جیل پہنچے، روبکار کی تصدیق، پھر اندراج ہوا اور ماڈل گرل 13 پیشیوں اور 125 دن کی قید کے بعد میڈیا کو بھی چکما دے کر جیل کے عقبی گیٹ سے چلتی بنی۔