آزاد کشمیر کا صدر مقبوضہ کشمیر، گلگت بلتستان اور سمندر پار کشمیریوں کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔ سردار محمد یعقوب

President AJK Meeting

President AJK Meeting

اسلام آباد (سرفراز حسین سے) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا صدر صرف آزاد خطے ہی نہیں ، مقبوضہ کشمیر ، گلگت بلتستان اور سمندر پار کشمیریوں کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔

میں نے پانچ سالہ دورصدارت کو باوقار انداز میں مکمل کیا ہے ۔ بحیثیت انسان مجھ میں بھی خامیاں موجود ہیں لیکن میں نے ہمیشہ صدارتی سیکرٹریٹ کے تمام ملازمین کی عزت و وقار کا خیال رکھنے کی بھر پور کوشش کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں کشمیر ہاؤس صدراتی سیکرٹریٹ اسلام آباد کے تمام ملازمین کی طرف سے دیئے گے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ میں نے کبھی کسی کو نوکر یا ملازم نہیں سمجھا اگر کسی کے ساتھی کبھی سختی بھی کی ہو گی تو مقصد اسکی بھلائی تھا ۔ انہوں نے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ ترقی کے لیے کوششیں جاری رکھیں زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے ایمانداری اور دیانتداری شرط ہے چغلی ، بدخواہی ، ہیرا پھیری اور بے ایمانی سے ترقی ممکن نہیں۔

آپ دوسروں کا خیال رکھیں اللہ آپ کی مدد کرے گا ۔ میں نے پانچ سال میں ریاست کا تشخص پامال نہیں ہونے دیا ۔ ہر ملکی و بین الاقوامی پلیٹ فارم پر کشمیر کے حوالے سے ڈٹ کر بات کی میرے ساتھ تعینات عملہ کو سخت محنت کرنی پڑی چوبیس چوبیس گھنٹے کام کرنا پڑا لیکن میں انہیں مالی طور پر کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکا۔

اس کی وجہ آپ کے سامنے تھی بجٹ بہت کم تھا صدر سردار یعقوب نے کہا کہ میں نے ایک ایک لمحہ کو عوام کی امانت سمجھا ہے ۔ گزشتہ بانچ برسوں کے دوران جو بھی میں نے کام کیے آپ سب اس میں شامل ہیں ۔ آپ حضرات میرے لیے دعا کریں اور نئے صدر ریاست کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔

یہ اللہ تعالی کی کرم نوازی ہے اس نے مسعود خان جیسے اعلی صفت انسان کو آزاد کشمیر کی صدارت عطا کی ۔ انکا بڑا نام ہے ۔ وہ جو بھی پوچھیں ایمانداری اور نیک نیت سے انکو معلومات فراہم کریں ایک دوسرے کی بدخواہی اور چغلی سے گریز کیا جائے۔