اذان سے متعلق ٹویٹ: سونو نگم کی تنازع ختم کرنے کی اپیل

Sonu Nigam

Sonu Nigam

ممبئی (جیوڈیسک) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اذان سے متعلق بیان دینے پر بھارتی گلوکار سونو نگم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اس معاملے میں جہاں کئی لوگوں نے ان سے اختلاف کیا تو وہیں بعض نے ان کی حمایت میں بھی زبان کھولی تاہم اکثریت نے ان کے اس اقدام پر کڑی تنقید کی۔ معروف بھارتی فلمساز پوجا بھٹ بھی ان پر تنقید کرنے والوں میں شامل تھیں۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق اب سونو نگم نے اس تنازع کو ختم کرنے کی بات کی ہے۔ سونو نگم نے اپنے ٹویٹر کے ذریعے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو اب مزید طول نہ دیں۔ سونو نگم کا اپنی ٹویٹ میں کہنا ہے کہ دوستو! میری حمایت یا مخالفت میں، اتفاق یا اختلاف میں، اس معاملے کو مزید طول دینے کی ضرورت نہیں، مستقبل کی طرف دیکھیں اور آگے بڑھیں۔ دعائیں۔

خیال رہے کہ سونو نگم نے 17 اپریل کی صبح ساڑھے پانچ بجے کئی ٹویٹ کئے تھے، جس میں انہوں نے لاؤڈ سپیکر سے اذان کو ایک شور سے تشبیہ دی تھی۔ سونو نگم نے کہا تھا کہ میں مسلمان نہیں ہوں لیکن پھر بھی مجھے روزانہ صبح 5 بجے اذان کے شور سے اٹھنا پڑتا ہے۔ سونو نگم نے ساتھ ہی ساتھ گرودوارہ اور مندروں میں بھی لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر سوالات کھڑے کئے تھے۔