بابل کا آنگن

Sad Girl

Sad Girl

تحریر: پروفیسر محمد عبداللہ بھٹی
میرے سامنے پندرہ سولہ سال کی نوجوان معصوم نازک سی ننھی پری پھوٹ پھوٹ کر رورہی تھی میرے مشفقانہ روئیے سے اُس کے اندر غم کا سیلاب پھوٹ پڑا تھا اُس کے ضبط کے سارے بندھن ٹوٹ گئے تھے اُس کی فالجی کیفیت اب نارمل ہو تی جا رہی تھی اُس پر قابض خو ف نے اُس کی قوت گو یائی جو چھین رکھی تھی اب اُس کی آہستہ آہستہ بحالی ہو رہی تھی اُس کے لرزتے جسم کا لرزنا آہستہ آہستہ کم ہو رہا تھا وہ جو مرض الموت کی تکلیف سے گزر رہی تھی اب اُس میں زندگی کی حرارت بیدار ہو رہی تھی کچھ دیر پہلے وہ خو ف و دہشت اور عدم تحفظ کے اندھے خو فناک غار میں ڈوبتی جا رہی تھی اُس کے چاروں طرف خوف کے سائے لرزاں تھے اب اُسے زندگی کا احساس ہو رہا تھا اب اُسے امید کی کرن نظر آنے لگی تھی خو ف دہشت نے اُس کی ہڈیوں تک رسائی حاصل کر لی تھی وہ عقل و فہم شعور سے محروم ہو چکی تھی۔

اُس کو چاروں طرف موت ہی نظر آرہی تھی معصوم پری شاید پہلی بار گھر سے نکلی تھی وہ جو بچپن سے آج تک ماں بھائی یا والد کی انگلی تھام کر نکلتی تھی جس نے دو قدم بھی کبھی اکیلے نہ اٹھا ئے ہوں جس نے ہمیشہ گھر کی چار دیواری میں اپنے ماں باپ بہن بھائیوں کے تحفظ میں گزارے ہوں آج پہلی با ر کسی پارک میں اکیلی بیٹھی تھی اوباش نوجوان اُس سے چھیڑ خانی کر رہے تھے وہ جو عزت کی پوٹلی تھی آج اُس کے نا زک جسم اورچہرے پر گندی نظریں پڑیں تو وہ اپنے ہو ش و حواس کھو بیٹھی اُس نے آج تک اِس طرح کے حالات نہیں دیکھے تھے وہ اگر کبھی رات کو اٹھتی تھی تو والد والدہ اُس کے ساتھ اُٹھ جا تے آج وہ اپنی زندگی کے سب سے تلخ اور خوفناک تجربے سے گزری تھی اُس کی حالت اور پھوٹ پھوٹ کر رونا مُجھ سے برداشت نہیں ہو رہا تھا اُس کو اِسطرح روتا دیکھ کر میں پگھلتا جا رہا تھا اندر ہی اندر کٹ رہا تھا کس طرح اِس معصوم بیٹی کو چُپ کرائوں کیسے اُس کا خو ف اور غم ہلکا کروں میں نے اُس کو رونے دیا تا کہ وہ ریلیکس ہو جا ئے اور میں سوچ رہا تھا کہ نو جوانی میں قدم رکھتے ہی بابل کی یہ معصوم تتلیاں یہ چڑیاں کس بے دردی سے بابل کا آنگن چھوڑکر اڑ جا تی ہیں۔

Parent

Parent

بابل کی دہلیز سے با ہر قدم نکالتے وقت یہ بالکل بھی نہیں سوچتیں کہ دنیا میں خدا کے بعد ماں باپ ہی اُس کے سب سے زیا دہ حما یتی وفادار اور جان دینے والے ہیں دنیا میں ماں باپ ہی ایسے ہیں جو اپنے بچوں کی خو شی کے لیے اپنی جان تک دینے کو تیار ہو جا تے ہیں بچوں کی ضروریات پو ری کر نے کے لیے اپنی ضرورتوں کا گلا گھونٹ دیتے ہیں بچوں کے کپڑے کھلونے اور تربیت اور پڑھائی کے لیے اپنے تمام وسائل جھونک دیتے ہیں خو د بھوکا رہ لیتے ہیں اِن کی تمام ضروریات پو ری کر تے ہیں رات کو اگر کسی بچے کے اوپر کپڑا نہ ہو تو فوری کپڑا دیتے ہیں اگر بچہ بیما ر ہو تو ساری رات اُس کے سرہا نے بیٹھ کر اُس کو دوائی دیتے ہیں اور اگر خدا نہ کر ے کبھی بیما ری لمبی ہو جا ئے تو ایک ڈاکٹر سے دوسرے ڈاکٹر حکیموں بابوں مزاروں پر کس طرح دیوانہ وار جا کر ماتھا رگڑتے ہیں خو د کپڑے نہیں لیتے خود لنڈے کے کپڑے پہن کر اِن کو نئے کپڑے لے کر دیتے ہیں خو د ساری عمر پیدل یا لو کل بسوں ویگنوں پر سفر کر تے ہیں اِن کو کار لے کر دیتے ہیں روزانہ صبح سویرے اُٹھ کر اِن کو تیار کرانا نا شتہ کرانا اور خود سکول چھوڑ کر آنا اور اگر کبھی دو پل کے لیے بھی یہ بچے نظروں سے اوجھل ہو جا ئیں اِن کا فون بند ہو جا ئے یا سکول سے لیٹ ہو جائیں تو وہ دیوانوں کی طرح ننگے پائوں گھر سے نکل پڑتے ہیں۔

خو د پرانے گھر میں لیکن ان کے لیے نیا گھر اور ہر چیز لے کر دیتے ہیں اِن کی طرف آنے والی ہر مشکل اور مصیبت کے سامنے خود سینہ تان کر کھڑے ہو جا تے ہیں اِن کی ہر پریشانی پر خدا کے سامنے ایک ہی دعا کر تے ہیں کہ اللہ میاں اِس کی پریشانی بیما ری اور مو ت مجھے دے دو اِس کو آرام دو اِس کی پریشانی بیماری ختم کر دو اِن کے منہ سے نکلی ہو ئی ہر بات پو ری کر تے ہیں شدید حیرت ہو تی ہے ایسے بچوں پر جب دو دن کی دوستی کے لیے اپنے ماں با پ سے نا فرمانی کر تے ہیں اور یہ بیٹیاں جن پر بابل جان دیتا ہے جب یہ جوا نی کی دہلیز پر قدم رکھتی ہیں تو وہ ماں با پ کی تمام خدمات کس طرح ایک سیکنڈ میں بھول کر چند دن کے دوست یا چند فون کالوں پر بھول جا تی ہیں اور پھر جب یہ نا زک پریاں با بل کے آنگن سے اِس ما دیت پرستی میں غرق دنیا اور وحشی درندوں کے ہا تھ چڑھتی ہیںتو اِن کو بابل کا گھر ماں با پ کی محبت اور تحفظ یا د آتا ہے اور پھر زمانے بھر کی ٹھوکریں کھا تے اپنی عزت تار تار کر کے واپس با بل کی طرف آتی ہیں تو وہ سراپا رحمت پھر اِن کو اپنی آغوش میں لے لیتا ہے زمانے بھر کی ٹھو کروں گندی نظروں سے بر باد ہو کر جب یہ واپس آتی ہیں تو ماں با پ پھر بھی سراپا رحمت ہو تے ہیں کا ش یہ معصوم پریاں با بل کی دہلیز پھلانگنے سے پہلے ایک بار سوچ لیں کہ دنیا میں سب سے زیا دہ اگر کو ئی وفادار جانثار ہیں تو یہ والدین جن کو یہ ٹھوکر مار کر بھا گ جا تی ہیں اُس شخص کے لیے جو ان کو جا تے مارتا ہے ذلیل کرتا ہے گا لیاں دیتا ہے اور اکثر چھو ڑ کر بھا گ جا تا ہے یا کسی کے ہا تھ بیچ دیتا ہے یا جان چھڑانے کے لیے مار دیتا ہے۔

Night

Night

میں اپنی سوچوں میں گم تھا کہ سیکورٹی گارڈ نے میرے کندھے پر ہاتھ رکھا اور کہا جناب رات ہو گئی ہے اندھیرے نے چاروں طرف قبضہ جما لیا ہے اب اِس لڑکی کا کیا کر نا ہے ننھی پری رو رو کر چپ کر گئی تھی اور نظریں جھکا ئے پھر بیٹھی تھی میں نے اُس سے پو چھا بیٹی آپ کہاں سے آئی ہو آپ کے والد کا کیا نام ہے تو اُس نے انکار کر دیا کہ اگر وہ گھر گئی تو اُس کے گھر والے اس کو مار دیں گے آپ مجھے کہیں سے زہر لا دیں میں خو دکشی کر نا چاہتی ہوں یا میرا گلا گھونٹ دیں میں نے اِس جگہ سے اب کہیں نہیں جا نا میں بار بار اُس کا ایڈریس پو چھ رہا تھا لیکن وہ بتا نے پربالکل بھی تیار نہیں تھی ۔ اب میں نے اُسے پو لیس کا خو ف دلا یا کہ تم کو تھا نے بند کرا دیتا ہوں تو وہ تھو ڑا سا ڈر گئی اب میں نے کہا ٹھیک ہے تم اپنے گھر نہ جا ئو کسی دوست رشتے دار کا نمبر دو تو وہ اِس بات پرراضی ہو ئی اور اپنی دوست کا نمبر دیا میں نے تھو ڑی دور جا کر اس کا نمبر ملا یا جو مل گیا تو اُس سے اِس لڑکی کے با پ کا نمبر لیا اب میں نے فوری طور پر اُس کے با پ کو فون کیا اُس کا با پ تقریبا 50 کلو میٹر دور چھو ٹے شہر میںرہتا تھا جو صبح سے پا گلوں کی طرح اِس کو ڈھونڈ رہا تھا میں نے اُسے کہا آپ ادھر ہی رہو میںاس کو اِس کی دوست کی طرف لا رہا ہوں آپ ادھر آجائو اب بڑی مشکل سے لڑکی کو منایا کہ آپ اپنی دوست کی طرف چلو تو وہ مان گئی ہم اب کا ر میں اُس کے شہر جا رہے تھے راستے میںاُس لڑکی نے بتا یا کہ رانگ کال پر اِس لڑکے سے پندرہ دن پہلے بات چیت شروع ہو ئی تو میں خوا بوں کی دنیا سجا ئے اِس سے ملنے آگئی سارا دن اُس کے پاس رہی شام سے پہلے وہ مجھے یہاں چھوڑ کر چلا گیا اور اپنا مو با ئل بند کر دیا اور ایک با ر فون کر کے کہا واپس چلی جا ئو میں تو تم سے مذاق کر رہا تھا مجھے تم سے کو ئی محبت نہیں ہے۔

اِس کے سارے خواب ریزہ ریزہ ہو کر بکھر گئے اب یہ خو فزدہ تھی کہ با پ بھا ئی اس کو قتل کر دے گا اپنی با توں میں ہم اُس کے شہر پہنچ گئے اُس کی دوست کے گھر جا کر ڈرائینگ روم میں بیٹھے تو اُس کے والدین بھی آگئے پہلے تو وہ بہت خو فزدہ حیران ہو ئی لیکن جب باپ نے رو رو کر گلے لگا یا پیا ر کیا تو نا رمل ہو ئی ماں باپ کی آنکھوں سے خو شی کے آنسووں کا سیلاب جا ری تھا اور وہ ہا تھ جو ڑے شکریہ ادا کر رہے تھے لا ہور واپسی پر میںسوچ رہا تھا کہ بابل کاآنگن چھو ڑنے والی یہ ننھی پریا ں بھول جا تی ہیں کہ با ہر وحشی جنسی درندے اُن کا انتظار کر رہے ہیں اللہ سب کی عزتیں محفوظ رکھے آمین۔

Professor Mohammad Abdullah Bhatti

Professor Mohammad Abdullah Bhatti

تحریر: پروفیسر محمد عبداللہ بھٹی
ای میل: help@noorekhuda.org
فون: 03004352956
ویب سائٹ: www.noorekhuda.org
فیس بک آفیشل پیج: www.fb.com/noorekhuda.org

Sad Girl - Urdu

Sad Girl – Urdu