باچاخان یونیورسٹی میں دہشت گردی کیخلاف نیشنل پارٹی کا پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

National Party  Protesting

National Party Protesting

لاہور (عامر سرویا) باچاخان یونیورسٹی چارسدہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ دنوں بدترین دہشت گردی کے حملے کے خلاف نیشنل پارٹی لاہور کے زیراہتمام مورخہ 26 جنوری 2016ء بروزمنگل سہ پہر 3 بجے پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔جس کی قیادت نیشنل پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری طالب حسین ،سنیئررہنماء میاں آفتاب، صدرلاہوراحمد بلال ایڈووکیٹ ،جنرل سیکرٹری لاہور محمد ریاض بنگش، محمد کاظمی، محمد نیازنے کی جبکہ عہدیداران، کارکنان سمیت سیاسی،سماجی، عوامی وسول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران مقررین نے باچاخان یونیورسٹی چارسدہ میں دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ملک کی تمام سیاسی اور عسکری قوتوں نے متحدہوکر دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق کیا تھااوراس پر عوام کی حمایت بھی میسر ہوئی۔مگرہم سمجھتے ہیں کہ اب بھی اس میں متعدد سطح پر کمی ہے۔ جس پر مزید ٹھوس کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اس لئے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لئے ٹھوس اور جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اور پارٹی پرچم اٹھارکھے تھے۔ احتجاجی مظاہرے میں شہداء کو خراج عقیدت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی گئی۔