بدین شہر اور نواحی علاقوں میں 16 گھنٹے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ

Load Shedding

Load Shedding

بدین (عمران عباس) بدین شہر اور نواحی علاقوں میں 16 گھنٹے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ، دو سو سے زائد چھوٹی صنعتیں بند ہونے کا خدشہ، حکومت پاکستان کی جانب سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کے اعلانات کو بدین کی واپڈا نے ہوا میں اڑا دیا۔

روزانہ سولہ گھنٹوں سے زائد کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کرکے حکومت کو چیلنج کردیا ہے، ضلعی ہیڈ کواٹر سمیت ضلع کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں، دیہاتوں اور قصبات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ سولہ سے بیس گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جس کے باعث ضلع بھر میں چلنے والی صنعتوں میں کام معطل ہوگیا ہے جس کے باعث سینکڑوں ملازمین بیروزگار ہوگئے ہیں۔

ضلع بدین کے مختلف شہروں گولاڑچی، تلہار، ماتلی، ٹنڈو باگو، نندو، کڈھن، سیرانی اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگگ کے اس طویل دورانئے نے علاقہ میں معمولات زندگی درہم برہم کر دی ہے، ضلع بھر میں بجلی سے چلنے والی دو سو سے زائد چھوٹی صنعتوں نے کام بند کردیا ہے جس کے باعث سینکڑوں ملازمین بیروزگار ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب رہائشی علاقوں میں بھی شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں سماجی حلقوں نے الزام لگایا ہے کہ بجلی کی بقایاجات کا جواز بنا کر پہلے بجلی منقطع کردی جاتی ہے جو بعد میں لین دین کرکے پھر سے بحال کردی جاتی ہے، اکثر شہریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ صحیح میٹر کو بھی خراب قرار دیکر نئے میٹر کے لیئے اضافی پیسے لیئے جا رہے ہیں۔

لائن مین لاسسز پورا کرنے کے لیئے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا کر شہریوں کی زندگی اجیرن کر رہے ہیں، دوسری جانب رابطہ کرنے پر حیسکو حکام نے بتایا کہ اکثر مقامات پر فالٹ کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوجاتی ہے۔