بدین کے شہر گولاڑچی میں سول اسپتال کے ڈاکٹروں کا صحافی پر وحشیانہ تشدد

Badin Golarchi

Badin Golarchi

بدین (عمران عباس) بدین کے شہر گولاڑچی میں سول اسپتال کے ڈاکٹروں کا صحافی پر وحشیانہ تشدد، صحافیوں کا گولاڑچی سول اسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، تشدد کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ۔ بدین شہر کی تحصیل گولاڑچی کی سول اسپتال میں لڑکی کے ساتھ زیادتی کی رپورٹ لینے جانے والے صحافی یوسف جانی ملاح پر سول اسپتال گولاڑچی کے ڈاکٹرز مشتعل ہو گئے اور اس پر تشدد کر کے اسے ایک گھنٹے کے لیے اسپتال کے روم میں بند کر دیا۔

صحافی یوسف جانی ملاح کے ہاتھ سے ادارے کا لوگو بھی لے لیا اور تشدد کرکے اس کے کپڑے بھی پھاڑ دیئے، شہر میں خبر آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد گولاڑچی شہر کے صحافیوں نے سول اسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا جس کے بعد ڈاکٹرز کی جانب سے صحافی جانی ملاح کو آزاد کیا گیا۔

صحافی جانی ملاح نے بتایا کہ دو دن قبل سول اسپتال انتظامیہ کی جانب سے لاپروائی کرکے معیاری ادوایات کچرے میں پھینکی گئیں تھی جس کی خبر نشر کرنے پر اسپتال کے ڈاکٹروں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے جس کو بنیاد بنا کر انہوں نے مجھ پر تشدد کیا، انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کی اطلاع گولاڑچی تھانہ پر دے دی گئی ہے۔