بدین کی خبریں 12/7/2017

Badin

Badin

بدین (عمران عباس) بدین کے ساحلی علاقوں میں پانی کی قلت کے خلاف کاشتکاروں اور علاقہ مکینوں کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا، محکمہ انہار کے افسران پر پانی کی فروخت کرنے کا الزام بھی لگا دیا،بدین کے ساحلی علاقوں سیرانی، بیڈمی، بھگڑا میمن، اور دیگر علاقوں میں پینے کے پانی اور زرعی پانی کی قلت کے خلاف کاشتکاروں اورعلاقہ مکینوں نے پہلے بدین پریس کلب کے سامنےاور پھر ڈی سی چوک پر دھرنا دیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی ،دھرنے کے باعث اندرونی سندھ چلنے والی ٹرانسپورٹ معطل ہوگئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑامظاہرین نے محکمہ انہار کے افسران پر پانی کی فروخت کا الزام لگاتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ جلد سے جلد پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہمارے بچے بھوکے پیاسے مرنے سے بچ جائیں۔۔

بدین (عمران عباس)قومی عوامی تحریک کی جانب سے سندھ میں غیروں کو آباد کرنے ، گوڑانو ڈیم کی جگہ تبدیل نا کرنے ، کرپشن ، بحریہ ٹاؤں ، ایچ ڈی اے اور تعلیم کی تباہی کے خلاف ڈی سی چوک سے بدین پریس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں شریک رہنماؤں نور احمد کاتیار، جاکھرو نوحانی، بھادر تالپر، کلثور ھالیپوتہ، ماروی گوپانگ، رام کولہی اور دیگر نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سندھ میں غیرافراد جن کا سندھ سے کوئی تعلق تک نہیں ہے ان کو سندھ کے پسماندہ علاقوں میں آباد کیا جا رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں تعلیم کا خانہ خراب ہوچکا ہے اس کے علاوہ ضلع تھرپارکر میں گوڑانو ڈیم کی تعمیر سے تھر کے لوگ متاثر ہورہے ہیں جس کی جگہ تبدیل نا کرنے کے باعث سینکڑوں خاندان متاثر ہوچکے ہیں، کرپشن نے سندھ کی جڑیں کھوکلی کردی ہیں جبکہ پوری سندھ کی زمینیں کوڑیوں کے داموں بحریہ ٹاؤں کو دے دوستی نبائی جارہی ہے اور ان سب معاملوں میں حکومت سندھ ملوث ہے، انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی زمینیں بحریہ ٹاؤن کو دینا بند کیاجائے، تعلیم کو تباہی کو روکا جائے، گوڑانو ڈیم کی جگہ تبدیل کی جائے اور کرپشن میں ملوث مگر مچھوں کو قانون کے کھڑکڑے میں لایا جائے۔۔

بدین (عمران عباس)منشیات فروشوں کے خلاف اللہ والا چوک کے مکینوں کا پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا، دھرنے میں خواتین اور بچے بھی شامل۔۔بدین میں منشیات کا کاروبار عروج پر پہنچ چکا ہے جسے پولیس روکنے میں ناکام ہوگئی ہے، بدین کے اللہ والا چوک کے رہائیشیوں نے منشیات فروشوں کےخلاف پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا اور دھرنا بھی دیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف آواز اٹھانے پر منشیات فروشوں کی جانب سے ہم اور ہمارے گھروں پر حملے کیئے جارہے ہیں اور ہمیں دھمکایا جارہاہے کہ ہم آواز اٹھانا چھوڑ دیں، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس منشیات فروشوں کے ساتھ ملی ہوئی ہے اور ہماری داد رسائی نہیں ہورہی ہے، انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ بدین پولیس اور منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کی جائے اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔۔۔