ضلع بدین میں کچی شراب، گھٹکا، مین پوری اور دیگر نشہ آور اشیاء کی مانگ میں اضافہ

Badin

Badin

بدین (عمران عباس) چیف جسٹس سندھ ھائی کورٹ کی جانب سے شراب خانوں پر پابندی کے حکم کے بعد ضلع بدین میں کچی شراب، گھٹکا، مین پوری اور دیگر نشہ آور اشیاء کی مانگ میں اضافہ، شہر بھر کی چھوٹی بڑی دکانوں پر نشہ آور اشیاء جبکہ کچی شراب اور بھنگ گھروں میں عام ملنے لگے، ہر نشہ آور چیز پر پابندی لگائی جائے شہریوں کا چیف جسٹس سے مطالبہ۔۔ چیف جسٹس آف سندھ ھائی کورٹ سید سجاد علی شاہ کی جانب سے شراب خانوں پر پابندی کےحکم اور اس پر عمل درآمد کے بعد ضلع بدین میں کچی شراب، بھنگ، مین پوری، گھٹکا اور دیگر نشہ آور اشیاء کی فروخت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

شہر کی ہر دکان پر یہ نشہ آور چیزیں سر عام فروخت ہونے لگی ہیں جس کے باعث نوجوان نسل تیزی سے تباہی کی طرف جارہی ہے ، شہر کے پوش علاقوں اور دیہاتوں میں کچی شراب اور بھنگ بھی بہ آسانی مل جاتی ہے لیکن پہلے کے مقابلے میں اس کی قیمتوں میں بے تہاشا اضافہ کردیا گیا ہے۔

شراب خانوں کے بند ہوجانے کےبعد بدین اور اس کے نواحی علاقوں میں نشہ آوار اشیاء کے استعمال میں اضافے سے شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، بدین شہر سے تعلق رکھنے والے شہریوں علی عباس، نوید خواجہ، انصار میمن، سہیل سیال اور دیگر کا کہنا ہے کہ سارا کاروبار پولیس کی سرپرستی میں چل رہاہے جس سے پولیس کو بھاری انکم حاصل ہوتی ہے ، انہوں نے چیف جسٹس آف سندھ سے اپیل کی کہ جس طرح شراب اور شراب خانوں پر پابندی لگائی گئی ہے اسی طرح دیگر نشہ آور اشیاء پر بھی پابندی لگائی جائے تاکہ نوجوان نسل تباہی سے بچ سکے۔۔۔