ضلع بدین میں مختلف سرکاری محکموں کے ذمہ وتھ ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں کروڑوں روپے واجب الاادا ہیں

Badin

Badin

بدین (عمران عباس) ضلع بدین میں مختلف سرکاری محکموں کے ذمہ وتھ ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں کروڑوں روپے واجب الاادا ہیں، سرکاری محکموں نے ترقیاتی کاموں پہ کی جانے والی ادائیگیوں سے ٹیکس کی رقم کٹوتی کے باوجود محکمہ انکم ٹیکس میں کئی سال گذرنے کے باوجود جمع نہ کرائی نہ جا سکی جبکہ پروڈکشن بونس کے فنڈز سے کئے جانے والے اخراجات کے ٹیکس کی ادائیگی کا معاملہ بھی لٹک گیا،محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ضلع بدین میں محکمہ ہائی ویز ،بلڈنگس،ایجوکیشن ورکس، بلدیات سمیت دیگر ترقیاتی کام کرانے والے اداروں کے ذمہ گزشتہ چار سالوں کے وتھ ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں رہنے والے کروڑوں روپوں کے بقایات جات کی ادائیگی ممکن نہ ہو سکی ہے جبکہ ترقیاتی کاموں کی مد میں خرچ کئے جانے والے فنڈز پر واجب الادا انکم ٹیکس و وتھ ہولڈنگ ٹیکس کے علاقہ ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کئے جانے والے لاکھوں روپوں کے ٹیکس کی ادائیگی بھی تاحال ممکن نہ ہو سکی ہے اور انکم و وتھ ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں رہ جانے والے کروڑوں روپوں کے یہ ٹیکس مذکورہ محکمے کے ذمہ دار افسران محکمہ انکم ٹیکس کو منتقل کرنے کی بجائے اپنے محکمہ کے اکاﺅنٹس میں ہی رکھے ہوئے ہیں جبکہ پروڈکشن بونس کی مد میں بھی ضلع انتظامیہ سے وتھ ہولڈنگ ٹیکس کی ادائیگی کا معاملہ تاحال لٹکا ہوا ہے۔

تقریبا تین سال قبل بدین ،گولارچی ،ٹنڈو باگو،تلہار شہروں میں تیل کمپنی کی جانب سے دئیے جانے والے پروڈکشن بونس کے فنڈز سے 8کروڑ 33 لاکھ 89 ہزار572روپوں کی ادائیگیاں ٹھیکیداروں کو کی گئی تھیں جن کے وتھ ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں 50لاکھ 3ہزار442روپے کی کٹوتی کی گئی تھی تاہم دو سال گزرنے کے باوجود اسکی محکمہ انکم ٹیکس کو ادائیگی نہ کی جا سکی اس ضمن میں سال 2014میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ رقم کا ایک چیک جسکا نمبر04090097701000محکمہ انکم ٹیکس کے افسر کو دیا گیا مگر 17فروری2014کی تاریخ کو دیا جانے والا چیک دو سال تک کیش نہ ہو سکا بعد ازاں اس چیک پہ ادائیگی28جنوری2016کو ممکن ہو سکی جبکہ ادائیگی کو ممکن بنانے والے افسر کا تبادلہ کر دیا گیا محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام سرکاری محکموں کو قانونا ہر ماہ اخراجات اور ٹیکس کی رپورٹ محکمہ انکم ٹیکس کو تحریری طور پہ دینی ہے مگر رپورٹ تو دور کی بات ضلع بدین میں اب بھی ترقیاتی کام کرانے والے سرکاری محکموں کے ذمہ کروڑوں روپے کے ٹیکس واجب الاادا ہیں جو انہوں نے ٹھیکیداروں کو کی جانے والی ادائیگیوں سے منہا تو کر لئے ہیں مگر متعلقہ محکمہ کو کئی کئی سال گزرنے کے باوجود منتقل نہیں کئے ہیں ،مذکورہ صورتحال سے حکومت اور خزانہ کو ٹیکسسز کی مد میں ادائیگیاں نہ ہونے سے سرکاری خزانے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔