بغداد : پے درپے بم دھماکے اور فائرنگ، 13 افراد ہلاک

Baghdad Bombings

Baghdad Bombings

بغداد (جیوڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں جمعرات کے روز پے در پے بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں تیرہ افراد ہلاک اور چوبیس زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بغداد کے شمال اور جنوب میں واقع مصروف کاروباری علاقوں میں سڑک کنارے نصب بموں کے دھماکوں میں پانچ افراد ہلاک اور سترہ زخمی ہوگئے ہیں۔دارالحکومت کے جنوب اور مشرقی علاقے میں دو کاروں کے ساتھ چپکائے گئے بموں کو دھماکوں سے اڑایا گیا ہے۔ان میں دو افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔

بغداد کے تین علاقوں میں فائرنگ بھی کی گئی ہے جس سے چھے افراد مارے گئے ہیں۔پولیس اور اسپتال کے ذرائع نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ فوری طور پر کسی گروپ نے ان بم حملوں اور فائرنگ کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

دارالحکومت میں تشدد کے یہ واقعات ایسے وقت میں رونما ہوئے ہیں جب عراقی سکیورٹی فورسز نے ملک کے شمال میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے زیر قبضہ ایک قصبے القیارہ کا کنٹرول واپس لے لیا ہے۔

عراقی فورسز اب داعش سے شمالی شہر موصل کا کنٹرول واپس لینے کے لیے ایک فیصلہ کن کارروائی کی تیاری کررہی ہیں۔