بغداد: عراقی فضائیہ کی کارروائی، 13 داعش دہشت گرد مارے گئے

Iraqi Air Force Bombed

Iraqi Air Force Bombed

بغداد (جیوڈیسک) عراقی فضائیہ کی صوبہ صلاح الدین میں کارروائی میں تیرہ داعش دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق عراقی فضائیہ نے صوبہ صلاح الدین کے ضلع شرقت میں داعش کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی میں داعش کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔ کارروائی میں عراقی فضائیہ کے ایف سولہ طیاروں نے حصہ لیا۔ بمباری میں داعش کے تیرہ جنجگو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ مرنےوالوں میں داعش کا مقامی کمانڈر بھی شامل ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں میں عراقی فضائیہ کی کارروائی میں داعش کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچاہے۔ تنظیم کے متعدد ٹھکانے تباہ جبکہ درجنوں جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔ علاوہ ازیں عراق کے شہر رمادی پر گزشتہ سال مئی سے داعش قابض تھی۔ گزشتہ دنوں عراقی افواج اور پولیس نے شہر کا کنٹرول دوبارہ حاصل کیا تو انہوں نے شہر کی تلاشی کا عمل شروع کیا۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق تلاشی کے دوران ایک فٹ بال اسٹیڈیم میں 2بڑی اجتماعی قبریں موجود تھیں جن میں داعش کے شدت پسندوں نے شہریوں کو قتل کرکے دفن کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ان قبروں میں 40 سے زائد افراد کی لاشیں موجود تھیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے۔