فائنل مقابلے میں سالار ویلفیئر سینٹر ملیر کو پنالٹی ککس پر 4 – 3 سے شکست،انور بلوچ

All Karachi Ali Akber Football Tournament

All Karachi Ali Akber Football Tournament

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) بلوچ یونین فٹ بال کلب ملیر کے زیر اہتمام اسپورٹس یوتھ آفیئر ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے تعاون سے منعقد ہ آل کراچی علی اکبر یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل شہر کراچی میں معروف فٹ بال ٹیم سندھ مسلم فٹ بال کلب گذری نے ملیر کی معروف ٹیم سالار ویلفیئر سینٹر ملیر کو پنالٹی ککس پر 4-3سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ۔کھیل کے دوران مقابلہ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا دونوں ٹیموں نے کھیل کے دوران نہایت شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔فائنل مقابلے کے اختتام پر ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے تقسیم انعامات کی شایان شان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی انور بلوچ ریسٹورنٹ ملیر کے روح رواں سرور بلوچ نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی پیش کی اس موقع پر ضلع ملیر کے نو منتخب کونسلر شعیب بلوچ ،ایوب لاشاری ،ٹورنامنٹ آرگنائزر محمد رفیق بلوچ ،چیئر مین ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملیر فتح محمد بلوچ ،سیکریٹری شاہد تاج ،ڈی ایف اے ویسٹ کے سنیئر نائب صدر مراد بخش بلوچ ،سید عثمان شاہ ،صدر سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن محمد اقبال فیفا ،عبدالرزاق ،غلام نبی چلو ،اقبال سالاری ،وائس چیئر ملیر اکرم خانے کے علاوہ فٹ بال سے وابستہ شخصیات موجود تھیں دیگر انعامات میں فیئر پلے ٹرافی مسلم اسٹار لانڈھی ،بہترین گول کیپر ٹرافی سالار ویلفیئر سینٹر ملیر ،بہترین ریفری ایوارڈ عزیز پاشا اور بہترین کھیل کا ٹرافی بلوچ یونین کلب ملیر کو دیا گیا ۔

اس موقع پر مہمان خصوصی سرور بلوچ نے شاندار ایونٹ کے انعقاد پر ٹورنامنٹ آرگنائزر اور اُن کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور اپنی جانب سے فٹ بال کے کھیل کے فروغ اور کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلا یا ۔فائنل مقابلے میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری خالد ممتاز جمی ،عمر بلوچ اور محمد خان پٹیل نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر حمید اللہ بلوچ اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔