بلوچستان اسمبلی، خان آف قلات کو واپس وطن لانے سے متعلق قرارداد منظور

Balochistan Assembly

Balochistan Assembly

کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد ڈپٹی اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کی صدارت میں شروع ہوا تو اپوزیشن رکن اسمبلی عبدالرحمن کھیتران نے قرار داد پیش کی کہ اراکین اسمبلی پر مشتمل ایک جرگہ تشکیل دیا جائے جو لندن جا کر خان آف قلات آغا سیلمان داود کے ساتھ مذاکرات کر کے انہیں وطن واپس لائے تاکہ خان آف قلات صوبے میں قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر حکومت پر شدید تنقید کرنے پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان تلخ کلامی اور ایک دوسرے پر الزامات لگائے گئے اس دوران اسپیکر اور قائد ایوان اراکین کو صبر اور برداشت کرنے کی تلقین کرتے رہے۔

قائد ایوان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن وامان کے لئے جس دروازے پر انہیں امید کی کرن نظر آئی وہاں انہوں نے دستک دی ہے۔

بلوچستان اسمبلی نے طویل بحث اور جھگڑے کے بعد خان آف قلات کو واپس وطن لانے سے متعلق قرارداد کو مشترکہ طور پر منظور کر لیا۔ بعد ازاں اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا۔