بلوچستان حکومت کی گزشتہ کارکردگی مثالی رہی، طالب حسین

Talib Hussain and Tabassum

Talib Hussain and Tabassum

لاہور: نیشنل پارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کی بات کی ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک عام آدمی کے مسائل حل نہیں ہوں گے اور انہیں تمام بنیادی سہولیات میسر نہیں ہوں گے اس وقت تک نہ تو معاشرہ خوشحال ہوسکتا ہے اور نہ ہی نیشنل پارٹی کا منشور پایہ تکمیل تک پہنچ سکتا ہے۔

ان خیالات کااظہار نیشنل پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری طالب حسین نے پنجاب پبلک سیکریٹریٹ میں میڈیا کے نمائندگان سے ایک ملاقات میں کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی گزشتہ ڈھائی سالہ کارکردگی مثالی رہی۔فراریوں نے ہتھیار ڈالے،ناراض بلوچ رہنمائوں نے مذاکرات کی میز پر بیٹھنا شروع کیا۔تعلیم کے لئے آٹھ نئی یونیورسٹیاں قائم کیں۔صحت کے شعبہ کی ترقی کے لئے میڈیکل کالجز بنائے۔

اتحادی جماعتوں کو مساویانہ فنڈز وحقوق دیے۔اسی وجہ سے اب خود وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ ڈاکٹر عبدالمالک کو مزیدعرصہ کے لئے بھی وزیراعلیٰ برقراررکھا جائے مگرمری معاہدے کے تحت ڈاکٹر عبدالمالک نے ہمیشہ اصولی طور پر اس معاہدے کی پاسداری کی بات کی ہے۔

طالب حسین نے بتایا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں نیشنل پارٹی نے پنجاب میں بھی نشستیں حاصل کرکے اس امر کو تقویت بخشی ہے کہ لوگ نیشنل پارٹی کی قیادت اور منشور پر اعتماد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں احمد بلال ایڈووکیٹ کی صدارت میں نیشنل پارٹی بہتر کام کر رہی ہے۔