بانکی مون اور جرمن چانسلر کی گفتگو ریکارڈ کی جاتی رہی، وکی لیکس

Wikileaks

Wikileaks

لندن (جیوڈیسک) وکی لیکس نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی خفیہ ادارہ این ایس اے جرمن چانسلر انجیلا مارکل اوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ٹیلی فون ٹیپ کرتا رہا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق وکی لیکس نے جرمن چانسلر انجیلا مارکل کی خفیہ نگرانی کے حوالے سے تازہ انکشاف کیا ہے۔ وکی لیکس کے مطابق امریکی خفیہ ادارے ’این ایس اے‘ نے جرمن چانسلر مارکل اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے مابین 2008ء میں ہونے والی بات چیت سنی تھی۔

اس ملاقات میں بان کی مون نے تحفظ ماحول کے لیے اقدامات اور یورپی رہنماؤں کو ایک جگہ جمع کرنے کے حوالے سے مارکل کی کوششوں کی تعریف کی تھی۔

منگل کوجاری ہونے والی وکی لیکس کی دستاویزات میں چانسلر مارکل کی فرانس کے سابق صدر نکولا سارکوزی اور سابق اطالوی وزیراعظم سلویو بیرلسکونی کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کی خفیہ نگرانی کا بھی تذکرہ ہے۔