بان کی مون کی کراچی میں گرمی کے بحران سے نمٹنے کیلئے تعاون کی پیش کش

Baan ki Moon

Baan ki Moon

نیویارک (جیوڈیسک) کراچی سمیت صوبہ سندھ کے دیگر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر اوراس کے نتیجے میں ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت بعد اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے عالمی ادارے کی جانب سے تعاون کی پیش کش کی ہے۔

نیویارک میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے کہا کہ اگر پاکستان کی جانب سے مدد کی درخواست کی گئی تو عالمی ادارہ اس پر مثبت جواب دے گا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے اب تک کسی قسم کی مدد کی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ کراچی میں شدید گرمی کی لہرکے نتیجے میں 1200 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جن میں بچوں سے لے کر عمررسیدہ افراد تک شامل ہیں، اگرچہ اب گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ہوئی لیکن اب بھی اموات کا سلسلہ جاری ہے، مرنے والوں کی اکثریت لولگنے، نمکیات کی کمی اور گرمی کی وجہ سے دیگر امراض کی شکارہوئی جب کہ شہر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت نے اس بحران کو مزید گھمبیربنادیا۔

گرمی سے اموات کے ان بڑھتے واقعات نے حکومتی ہنگامی امداد اور بحران سے نمٹنے کی صلاحیتوں پر سوالیہ نشان لگا دیئے کیونکہ اسپتالوں، مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی جب کہ قبرستانوں میں بھی گورکن نے قبر دینے کے لئے لوگوں سے منہ مانگے دام وصول کئے اورایک قبر کے 40 سے 50 ہزار تک وصول کئے گئے۔