بنگلا دیش میں پھانسیاں، چودھری نثار نے معاملہ وزیر اعظم کے سامنے رکھ دیا

Chaudhry Nisar Ali  and Nawaz Sharif

Chaudhry Nisar Ali and Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار نے بنگلا دیشی حکومت کی جانب سے جماعت اسلامی کے اکابرین سے روا رکھے جانے والے رویے کا مسئلہ وزیر اعظم پاکستان سے اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی کے رہنماؤں سے کیا جانے والا سلوک غیرانسانی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے جماعتِ اسلامی کی جن شخصیات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے انکا واحد قصور 45 سال پہلے پاکستان سے وفاداری ہے۔

وزیرِ داخلہ نے افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا اس معاملے پر خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس غیرانسانی پالیسی کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ وزیرِ داخلہ کے اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے وزارتِ داخلہ، وزارتِ خارجہ اور پرائم منسٹر سیکریٹریٹ کی باہمی مشاورت سے اس سلسلے میں واضح پالیسی مرتب کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ بعد ازاں وزیرِ داخلہ نے اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کے مشترکہ اجلاس کی صدرات کی جس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بھی شرکت کی۔