باربرا سٹرائسنڈ امریکی میوزک چارٹس پر حاوی

Barbra Streisand

Barbra Streisand

نیویارک (جیوڈیسک) امریکی گلوکارہ باربرا سٹرائسنڈ نے گزشتہ چھ دہائیوں میں ہر دہائی میں نمبر ون البمز جاری کرکے امریکی میوزک چارٹس کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔

باربرا کے نئے البم ’پارٹنرز‘ نے 196000 کاپیاں فروخت کرکے بل بورڈ چارٹ پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 72 سالہ گلوکارہ کا پہلا نمبر ون البم ’پیپل‘ تقریباً 50 سال قبل 1964ء میں چارٹس کے اوپر پہنچا تھا۔ سٹرائیسنڈ کے حالیہ ہٹ البم کے بعد وہ امریکہ میں پہلی خاتون گلوکارہ ہیں جن کے دس البم نمبر ون پوزیشن پر پہنچے ہیں۔

اس وقت وہ امریکہ میں تاریخ کے مقبول ترین البمز دینے والے گلوکاروں میں ایلوس پریسلے کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں جن میں پہلے نمبر پر بیٹلز 19 نمبر ون البمز کے ساتھ ہیں۔ اس فہرست میں ریپر جے زی 13 نمبر ون البمز کے ساتھ دوسرے اور بروس سپرنگسٹین 11 بہترین نمبر ون البمز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

ان کا حالیہ البم ان کے کلاسک گانوں کا مجموعہ ہے جس میں انہوں نے مشہور گلوکاروں کے ساتھ گانے گائے ہیں جن میں سٹیوی ونڈر، جوش گروبن اور بلی جول ہیں جن کے ساتھ انہوں نے ’نیو یارک سٹیٹ آف مائنڈ‘ گایا۔ 70ء کی دہائی میں ان کا البم ’دا وے وی ور‘ دوسرے دو البمز کے ساتھ نمبر ون پر تھا جو 1974ء میں جاری کیا گیا تھا جبکہ 80ء کی دہائی میں ان کے دو البم نمبر ون پر رہے جن میں ان کا مشہور البم ’گلٹی‘ تھا۔ 90ء کی دہائی میں بھی ان کے دو نمبر ون البمز تھے جبکہ ان کا 2009ء میں نمبر ون البم ’لو از دی آنسر‘ تھا۔