بیٹن روج : فائرنگ کے بعد شہر کی فضا بدستور سوگوار

Baton Rouge Lighting

Baton Rouge Lighting

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ کی جنوبی ریاست لوزیانا میں گزشتہ ہفتے ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد ماحول غم زدہ ہے۔

ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی یاد میں پیر کو سینکڑوں افراد ریاست کے جنوبی شہر بیٹن روج میں جمع ہوئے جہاں اتوار کو فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا تھا۔

پولیس کے مطابق، حملہ آور ایک سابق امریکی فوجی تھا جس نے فائرنگ کرکے مقامی پولیس کے تین اہلکاروں کو ہلاک اور تین کو زخمی کردیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔

پولیس نے حملہ آور کو گیون لونگ کے نام سے شناخت کیا ہے جو خود بھی پولیس کی جوابی کارروائی میں مارا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق، حملہ آور سیاہ فام تھا جب کہ اس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں میں ایک سیاہ فام اور باقی دو سفید فام ہیں۔

فوجی حکام کے مطابق، ریاست میسوری کے شہر کینساس سے تعلق رکھنے والے گیون لونگ نے 2005ء سے 2010ء کے دوران امریکی میرینز میں خدمات انجام دی تھیں جس کے دوران وہ عراق میں بھی تعینات رہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر خاصا سرگرم تھا اور حملے سے عین قبل بھی وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس استعمال کر رہا تھا۔

تفتیشی افسران نے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا پر ملزم کی بعض تحریروں سے تاثر ملا ہے کہ وہ سیاہ فام امریکیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک سے ناخوش تھا اور سیاہ فاموں پر ہونے والے تشدد کا جواب تشدد سے دینے کا حامی تھا۔

بیٹن روج وہی شہر ہے جہاں پانچ جولائی کو پولیس کے ہاتھوں ایک سیاہ فام ایلٹن اسٹرلنگ کی ہلاکت کے بعد امریکہ بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ فائرنگ کے اس واقعے کے ردِ عمل میں ڈیلس شہر میں پانچ پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا گیا تھا۔