بٹگرام میں فورسز کے ساتھ مقابلہ، اہم ٹی ٹی پی کمانڈر ہلاک

Police

Police

مانسہرہ (جیوڈیسک) سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کرنے والا کالعدم تحریک طالبان کا اہم کمانڈر حافظ نثار ہلاک جب کہ اس کے ایک ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

کالعدم تحریک طالبان کے ہلاک کمانڈر حافظ نثار کے سر کی قیمت دس لاکھ روپے مقرر تھی ، ڈی پی او بٹگرام راجہ عبدالصبور کے مطابق ہلاک طالبان کمانڈرحافظ نثار نے اپنے ساتھی صیب گلا کے ہمراہ گزشتہ شام تھاکوٹ امن چیک پر پوسٹ حملہ کیا جس کے نتیجے میں سپیشل پولیس فورس کا جوان کابل خان شہید جبکہ ایکس سروس مین احمد حسین زخمی ہوا ۔ حملے کے بعد دونوں دہشت گردپہاڑوں کی طرف فرار ہو گئے۔

پولیس فورس کے جوانوں نے ان دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور انہیں برسر کے مقام چاروں طرف گھیر لیا ، رات گئے تک پولیس اور دہشت گروں کے مابین فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا ، صبح ہوتے ہی دہشت گردوں کی طرف سے فائرنگ کا سلسلہ بند ہوا۔

بعد ازاں پولیس نے جب علاقہ کا سرچ شروع کیا تو کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر حافظ نثار کی لاش برآمد ہوئی اور انکے ساتھی صیب گلا کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ دونوں دہشت گردوں کی قبضے میں ایک عدد ہینڈ گرنیڈ، کلاشنکوف، پستول، موبائل فونز اور شناختی کارڈز برآمد ہوئے ہیں۔

ڈی پی او بٹگرام راجہ عبدالصبور کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان کے ہلاک کمانڈر حافظ نثار انتہائی خطرناک دہشت گرد تھا ۔ اس نے 2014 میں ضلع تورغر کے علاقے منگری پولیس پوسٹ پر حملہ کر کے چھ پولیس اہلکاروں کے ہاتھ کاٹ دیئے تھے اور 2015 میں اوگی کے علاقے میں ایم آئی کے اہلکار کو شہید کیا ۔ حافظ نثار ضلع بٹگرام اور مانسہرہ میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔