اسوہ حسنہ پر عمل کر کے ہی مسلمان کامیاب ہو سکتے ہیں، منعم ظفر خان

Karachi

Karachi

کراچی : امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ طاغوتی قوتیں مسلمانوں پر غلبہ حاصل کرکے کفر کے نظام کو دنیا پر مسلط کرنا چاہتی ہیں اور اسی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے مسلمانوں کو پوری دنیا میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

لیکن امت مسلمہ پیغمبر ۖ کی سیرت پر عمل کرکے کفریہ سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی کے تحت سیکٹر 7C میں جلسہ سیرت النبیۖ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے امیر زون نارتھ کراچی طارق مجتبیٰ نے بھی خطاب کیا۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ اسوہ حسنہ پر عمل کرکے ہی مسلمان کامیاب ہو سکتے ہیں۔ آج کے پُر آشوب دور میں دین اسلام کو بدنام کرنے کی سازش جا ری ہے۔

امت مسلمہ اپنی زندگیوں کو نبی اکرم ۖ کی سیرت میں ڈھال کر اسلام دشمنوں کی سازشوں کو مکڑی کا جالہ ثابت کردے تا کہ کفر کے نظام کا شیرازہ بکھر جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا نظریہ حیات عالمگیر ہے اور پوری انسانیت کی فلاح اس کے پہش نظر ہے، پاکستان میں اللہ اور رسول ۖ کے ماننے والے کم نہیں، بلکہ مسئلہ یہ ہے کہ جس نظام کو لوگ حق مانتے ہیں وہ عملاً نافذ نہیں اسی وجہ سے ہمارا ملک ایک اسلامی ملک ہونے کے باوجود اسلام کی نعمتوں اور برکتوں سے نہ خود فائدہ اٹھا رہا ہے اور نہ دنیا کے لئے اسلام کے برحق ہونے کا گواہ بن رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر زون نارتھ کراچی طارق مجتبیٰ نے کہا کہ قوموں کی تعمیر و ترقی اور زوال ان کی قیادت پر منحصر ہے، اگر قیادت مخلص، دیانتدار اور باصلاحیت ہو تو قومیں عروج ک طرف جاتی ہیں اور اگر قیادت مفاد پرست، اقتدار پرست ہو اور دوسروں کے سہارے پر چلنے والی ہو تو قوم زوال کا شکار ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بگاڑ کا حقیقی سبب خدا اور آخرت سے بے نیازی اور رسالت کی رہنمائی سے روگردانی ہے۔