بیلجیئم میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں 12 افراد گرفتار

Belgian Police

Belgian Police

برسلز (جیوڈیسک) بیلجیئم میں سیکیورٹی اداروں نے ملک میں دہشت گردی کے حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں 12 افراد کو گرفتار کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجیئم میں سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کے دوران دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں 12 افراد کو گرفتار کرلیا جس میں سے ایک شخص برسلز ائیر پورٹ پر ملازم ہے جس کے برسلز حملوں کے خودکش حملہ آور سے تعلقات بھی تھے۔ بیلجیئم پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے جاری تحقیقات کے لیے 40 افراد کو حراست میں لیا گیا جس میں سے 12 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بیلجیئم کے سرکاری ٹی وی کے مطابق گرفتار افراد ان مقامات پر حملے کرنا چاہتے تھے جہاں یورو کپ دکھانے کے لیے اسکرینیں لگائی گئی ہیں۔

دوسری جانب ملزمان کی گرفتاری کے بعد بیلجیئم کے وزیراعظم نے یورو کپ کے میچز دکھائے جانے والے مقامات پر سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایات جاری کردیں۔ واضح رہے کہ مارچ میں برسلز کے ایئر پورٹس اور میٹرو اسٹیشن پر بم حملوں کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔