بینظیر بھٹو کی نویں برسی آج منائی جائے گی، مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہو گی

Benazir Bhutto

Benazir Bhutto

کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی نویں برسی آج منائی جائے گی۔ گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔

اسٹیج تیار، جلسہ گاہ میں پارٹی پرچم، ذوالفقار بھٹو، بینظیر بھٹو، مرکزی قیادت کی تصاویر اور بڑے بڑے پوسٹرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ آصف زرداری بھی نوڈیرو ہاؤس پہنچ گئے۔

مراد علی شاہ نے بی بی کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے سرپرائز کی پیشگوئی بھی کی۔ بینظیر اور بھٹو خاندان کے مزاروں پر فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور سے بھی قافلہ برسی میں شرکت کیلئے روانہ ہو گیا۔ ریلوے اسٹیشن پر جیالے نعرے بازی کرتے رہے۔ گڑھی خدا بخش میں ساڑھے 7 ہزار پولیس اور تین سو رینجرز اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔