بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں خورد برد ، فرزانہ راجہ کو نیب کا بلاوا

Farzana Raja

Farzana Raja

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی احتساب بیورو نے اشتہارات کی مد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 3 ارب روپے فنڈز خورد برد کی انکوائری کو باقاعدہ تحقیقات میں تبدیل کر دیا ، ادارے کی سابق سربراہ پیپلز پارٹی کی رہنما فرزانہ راجا کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ نیب نے دو ارب ترانوے کروڑ روپے کے ایڈورٹائزمنٹ فنڈ کیس میں بی آئی ایس پی کی سابق سربراہ فرزانہ راجا کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فنڈز خورد برد کیس کی تحقیقات تیز کر دی گئی ہیں ۔ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر انکوائری کو باقاعدہ تحقیقات میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے ہیڈ کوارٹر بھجوائے جانے کے بعد قومی احتساب بیورو نے پوچھ گچھ کیلئے بی آئی ایس پی کی سابق سربراہ فرزانہ راجا کو طلب کر لیا ہے ۔ مقدمے میں نجی ایڈورٹائزنگ کمپنی کے مالک شیر خان ، انعام اختر سمیت دیگر سے پوچھ گچھ کی جائے گی ۔