جامع مسجد بلال راچڈیل میں جشن ولادت رسول کا روح پرور اجتماع، کمیونٹی کی کثیر تعداد میں شرکت

Mehfil Milad

Mehfil Milad

راچڈیل (نوید چوہان) راچڈیل کی مرکزی جامع مسجد بلال میں عید میلاد النبی کی مناسبت سے روح پرور ’’محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا برطانیہ بھر سے عید میلاد النبی سلی اللہ علیہ وسلم کی اس نورانی محفل میں شرکت کے لیے عاشقان رسول جوق در جوق شامل ہوئے۔

محفل میلاد میں جید علمائے کرام جن میں امام حسنات شامل تھے نے انگریزی میں بیان کیا۔ نعت خواہان میں مقامی نعت خواں طلحہ طارق اور دیگر نے بارگاہ رسالت میں اپنی حاضری لگوائی جبکہ انٹرنیشنل نعت خواہان میں قاری شاہد محمود، قاری جاوید اختر، سید الطاف حسین شاہ،ڈاکٹر نثار معرفانی،الحاج ساجد قادری،ذوالفقار حسینی شامل تھے جبکہ نظامت کے فرائض رخسار احمد قادری نے انجام دئیے۔

میزبان محفل میں حافظ محمد اسحاق نقشبندی، مفتی محمد اشتیاق نعیمی، حافظ محمد اقبال سیالوی شامل تھے جبکہ منتظمین میں حاجی محمد فاروق، حاجی مشتاق احمد، حسن علی اور حافظ رفاقت احمد شامل تھے۔

محفل کے حوالے سے حافظ رفاقت احمد کا کہنا تھا کہ یوم عید میلاد النبی ﷺ محبتوں کے فروغ کا عالمی دن ہے ،انہوں نے کہاہے کہ آمد مصطفی ﷺ پر کائنات مسرتوں سے لبریز ہوئی۔

دنیا کے ظلمت کدہ میں نور ہدایت چمکا اور رحمتوں کا نزول ہوا۔نبی مکرم ﷺ کی آمدپر خوشیاں منانا ایمانی تقاضا ہے۔ محفل کے اختتام پر بذریعہ قرعہ اندازی بارہ عمرے کے ٹکٹ بھی دئیے گئے۔