سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن، درود و سلام کی صداؤں سے فضائیں معطر

 Eid Milad-e-Nabi

Eid Milad-e-Nabi

لاہور (جیوڈیسک) رحمت اللعالمین، آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن، شہر شہر، قریہ قریہ ریلیاں۔ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ ملک بھر میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جلوس اور ریلیاں نکال کر اپنی محبت کا بھرپور اظہار کر رہے ہیں۔

کراچی میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جس میں شمع رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروانے خوشی سے جھوم رہے ہیں۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔

زندہ دلانِ لاہور کا بھی جشن ولادت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر جذبہ دیدنی ہے۔ مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ ہر کوئی نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے جذبے سے سرشار ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بھی بارہ ربیع اول پر عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلیاں نکال رہے ہیں۔

کوئٹہ میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں اور موبائل فون سروس بند ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

ملک کے دیگر شہروں میں بھی جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک بھر میں گھر، عمارتیں، بازار اور مارکیٹیں برقی قمقموں اور خوبصورت جھنڈیوں سے سجے ہیں۔ پہاڑیاں اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ماڈلز بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔